میڈیا کو ملک میں باوثوق اور غیر جانبدار صحافت کے فروغ کیلئے مولانا ظفر علی کے نظریات پر عمل کرنے کی ضرورت ہے، ڈاکٹر عارف علوی


اسلا م آباد(صباح نیوز)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی  نے کہا ہے کہ میڈیا کو ملک میں باوثوق اور غیر جانبدار صحافت کے فروغ کیلئے مولانا  ظفر علی کے نظریات پر عمل کرنے کی ضرورت ہے، صدر مملکت مولانا ظفر علی خان ٹرسٹ کے وفد سے گفتگوکررہے تھے جس نے ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی

اس موقع پر انہوں نے کہاکہ معاشرے میں مثبت تبدیلی کیلئے مولانا ظفر علی خان کی صحافتی میراث پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے ، صدر مملکت نے کہاکہ مولانا ظفر علی خان نے اردو ادب اور ذمہ دارانہ صحافت کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا ،مولانا ظفر علی خان ایک رول ماڈل ، میڈیا کو ان کے نقش قدم پر چلنے کی ضرورت ہے

انہوں نے کہاکہ مولانا کی تعلیمات قوم کی تعمیر اور فیک نیوز کے چیلنج پر قابو پانے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہیں ، صدر مملکت نے کہاکہ آئندہ نسلوں کو صحافت، ادب، فنون اور تاریخ کے شعبوں میں مولانا کی زندگی اور کارناموں سے روشناس کرانے کی ضرورت ہے،وفد نے صدر مملکت کو مولانا ظفر علی خان میموریل ٹرسٹ کے کردار پر بریفنگ دی

وفد نے مولانا کی صحافتی و ادبی تصانیف کو محفوظ اور فروغ دینے کے حوالے سے ٹرسٹ کی خدمات بارے آگاہ کرتے ہوئے کہاکہ ٹرسٹ مولانا کے فلسفے کو آگے بڑھانے ، ان کی زندگی سے متعلق تحقیقی سرگرمیوں میں سہولت فراہم کررہا ہے ، صدر مملکت نے مولانا ظفر علی خان مرحوم کی ادبی تخلیقات کے تحفظ اور فروغ کے لیے ٹرسٹ کی کاوشوں کو سراہا۔