اسلام آباد(صباح نیوز)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے یوسف رضا گیلانی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ استعفے کا اعلان ایک ڈرامہ تھا، وہ کمپرومائزڈ اور بکے ہوئے ہیں اور ہمیشہ اسی کرسی سے چمٹے رہیں گے، یوسف رضا گیلانی کیسے لیڈر آف اپوزیشن بنے سب جانتے ہیں، ان کے صاحبزادے کی خرید و فروخت کرتے ہوئے ویڈیوز سامنے آئیں، ن لیگ کے ساتھ پہلے بھی ہاتھ ہوا آئندہ بھی ہوگا۔
شاہ محمود قریشی نے سینیٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی سوچ اس ایوان کے سامنے رکھنا چاہوں گا، اسٹیٹ بینک کو خود مختار بنانا معاشی ذمہ داری کے عین مطابق ہے، ادارے کو کسی کی غلامی میں دے دیا گیا ہے یہ تاثر غلط ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اسٹیٹ بینک کے بورڈ کے ارکان کے تقرر کا اختیار وزیر اعظم پاکستان کے پاس ہے، یہ ادارہ کل بھی اس ایوان کے تابع تھا اور آئندہ بھی تابع رہے گا۔انہوں نے سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر یوسف رضا گیلانی کو سخت تنقید کا نشان بناتے ہوئے کہا کہ یوسف رضا گیلانی نے کل ایک غیر ذمہ دارانہ بیان دیا جس کا افسوس ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے لیے کہا گیا کہ انہوں نے حکومت کو سہولت فراہم کی، چیئرمین سینیٹ نے رول کی عین مطابق اپنا استحقاق استعمال کیا، ان پر غیر جانبداری اور سہولت کاری کا الزام لگانا بہت غیر ذمہ دارانہ طرز عمل ہے۔
انہوں نے کہا کہ یوسف رضا گیلانی نے اپنی غیر حاضری کی وضاحتیں کیں، بہت سے حلقے ان وضاحتوں سے مطمئن نہیں ہیں، کہا جارہا ہے کہ انہیں ایوان کی کارروائی سے متعلق ایجنڈے کا تاخیر سے علم ہوا، کیا اپوزیشن رہنما کو علم نہیں تھا کہ یہ بل قومی اسمبلی سے منظور ہوا ہے، انہیں علم نہیں تھا کہ جب بل قومی اسمبلی سے منظور ہو چکا ہے تو سینیٹ میں بل آنا ہے، اپوزیشن لیڈر اتنے بے خبر اور معصوم کیوں تھے؟
وزیر خارجہ نے کہا کہ سینیٹر دلاور کہتے ہیں اپوزیشن لیڈر کے دفتر حاضر ہوا مگر وہ دکھائی نہیں دیئے، اپوزیشن لیڈر ووٹ خرید کر منتخب ہوئے، کیا اپوزیشن لیڈر الیکشن کمیشن میں تاریخیں نہیں بھگت رہے، آج بھی قائد حزب اختلاف کی پٹیشن الیکشن کمیشن میں چل رہی ہے، کیا اپوزیشن لیڈر کی ووٹ خریدنے کی ویڈیوز سامنے نہیں آئیں۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ سینیٹ میں اکثریت ن لیگ کی ہے مگر گیلانی قائد حزب اختلاف بن جاتے ہیں، ن لیگ کیساتھ تب بھی ہاتھ ہوا، جمعہ کو بھی ہاتھ ہوا، ن لیگ کیساتھ آئندہ بھی ہاتھ ہونیوالا ہے، پیشگوئی کر رہا ہوں،
اپوزیشن لیڈر یوسف رضا گیلانی پر تنقید کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا مزید کہنا تھا کہ انہوں نے کہا تھا کہ میں اپوزیشن لیڈر نہیں رہوں گا یہ انہوں نے جھوٹ بولا تھا، انہوں نے گزشتہ روز کہا کہ میں استعفی دے رہا ہوں، مگر میں کہتا ہوں کہ یہ اپوزیشن لیڈر کے عہدے سے چپکے رہیں گے، یہ اپوزیشن لیڈر کمپرومائزڈ اور بکا ہوا ہے۔پارلیمنٹ کو بالادستی حاصل ہے، قائد حزب اختلاف کا بیان غیر زمہ دارانہ ہے، اسٹیٹ بینک کو خود مختار بنانا آئین کے خلاف نہیں، سابقہ حکومتیں اپنے مقاصد کیلئے اس ادارے کو استعمال کرتی تھیں۔