کراچی(صباح نیوز) امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کے الیکٹرک کے نرخوں میں فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں تقریبا ً 10روپے فی یونٹ اضافے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے کراچی کے عوام کے ساتھ سراسر ظلم و زیادتی قراردیا ہے اورکہا ہے کہ عوام یہ بوجھ کسی صورت برداشت نہیں کرسکیں گے ، جماعت اسلامی وفاقی حکومت اور نیپرا کی جانب سے اس عوام دشمن اور ظالمانہ فیصلے کے خلاف بھرپور احتجاج کرے گی ،
منعم ظفر خان نے کہاکہ عوام پہلے ہی بڑھتی ہوئی مہنگائی ،بجلی کے بلوں میں ٹیکسوں کی بھرمار اور بھاری بلوں سے سخت پریشان ہیں ان پر مزید اضافی بوجھ عوام کی مشکلات و پریشانیوں میں اضافے کا باعث بنے گا ۔انہوں نے کہاکہ ایک طرف بجلی کی بدترین لوڈ شیڈنگ اور اوور بلنگ نے عوام کی زندگی اجیرن بنادی ہے دوسری جانب نرخوں میں اضافہ عوام کی کمر توڑ کر رکھ دے گا ۔ منعم ظفر خان نے کہاکہ نیپرا کی سماعت میں بھی جماعت اسلامی نے فیول ایڈجسٹمنٹ کی ان نرخوں میں اضافے کے مخالفت کی تھی جبکہ کسی اور پارٹی نے اس کے خلاف آواز نہیں اٹھائی ،نیپرا نے سماعت میں فیصلہ محفوظ کرلیا تھا لیکن کے الیکٹرک کے نرخوں میں اضافے کی اجازت دے کر ثابت کردیا ہے کہ نیپرا کو بھی کراچی کے صارفین کے مفادات سے کوئی سروکار نہیں ہے جبکہ کے الیکٹرک کو کراچی کے عوام کو کلاء بیک کی مد میں 50ارب روپے ادا کرنے ہیں ،کے الیکٹرک سے عوام کی رقم دلوانے کے بجائے کے الیکٹرک کو ہی نوازا جارہا ہے ۔#