کے الیکٹرک کے مظالم سے لیکرشہرکی بربادی تک پیپلزپارٹی اورایم کیوایم ذمے دارہیں، محمد حسین محنتی

کراچی(صباح نیوز) امیرجماعت اسلامی سندھ وسابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے فیول ایڈجسٹمنٹ کے نام پرکراچی کے شہریوں کے لیے بجلی 9روپے 98پیسے مزید مہنگی کرنے پرتشویش کااظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکمرانوں نے کراچی کوسونے کی چڑیا سمجھ لیا ہے۔بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ اوربلنگ،بھاری بل اداکرنے کے باوجود فی یونٹ 10روپے اضافہ کرنے کا کے الیکٹرک کاظالمانہ فیصلہ تسلم کرنا عوام کے ساتھ ظلم ہے۔واضح ہوچکا کہ نیپرا، کے الیکٹرک سمیت تمام مافیازعوام کا خون نچوڑنے میں متحد ہیں۔اس سے چندروز قبل شریف حکومت کی جانب سے مہنگائی کے مارے عوام پرپونے چارروپے فی یونٹ بجلی مہنگی کرنے کی منظوری دیکرعوام ہربجلی بم گرایا جاچکا ہے۔کے الیکٹرک کے مظالم سے لیکرشہرکی بربادی تک پیپلزپارٹی اورایم کیوایم ذمے دارہیں۔

اسمبلی میں شورمچانے سے پہلے اپنی پارٹیوں سے پوچھیں کہ کے الیکٹرک کا سودا اورشہرمیں قتل وغارتگری وبوری بندلاشوں کی سیاست کس نے کی ہے۔جماعت اسلامی شہریوں کے ساتھ کے الیکٹرک کے مظالم اورمافیاز کے خلاف اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔انہوں نے آج ایک بیان میں کہاکہ حکمرانوں نے کے الیکٹرک سمیت بجلی کمپنیوں کو عوام کا خون نچوڑنے کی مکمل چھٹی دے رکھی ہے جس میں تمام مافیاز اپنا حصہ وصول کرتی ہیں۔ظالم ہاتھی کے الیکٹرک کا احتساب کی بجائے نیپراکی جانب سے 60ارب روپے کے قرضے معاف کرنے کی حمایت عوام کے زخموں کی نمک پاشی ہے۔صوبائی  امیرنے زوردیا کہ کے الیکٹرک کو لگام اور شریف حکومت اپنی تمام شا ہ خرچیوں کا بوجھ عوام پرڈالنے کی بجائے لائن لاسزوکرپشن ختم اورججزجرنیلوں اوربیروکریسی میں مفت خوری ختم کرے۔