حکومت نے آئی ایم ایف کی تجویز مسترد کر دی،سابق فاٹا کیلئے ایک سال تک ٹیکس چھوٹ کی تجویز پر غور

اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی حکومت نے عالمی مالیاتی فنڈ(آئی ایم ایف)کی تجویز مسترد کر دی اور سابق فاٹا کیلئے ایک سال تک ٹیکس چھوٹ دینے کی تجویز پر غور کر رہی ہے۔ ذرائع ایف بی آر کا کہنا ہے کہ آئندہ وفاقی بجٹ میں سابق فاٹا کیلئے ٹیکس چھوٹ دینے کی تجویز ہے، سابق فاٹا کی ڈیولپمنٹ کیلئے درآمدی مشینری پر ٹیکس چھوٹ دی جائے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق فاٹا میں کاروبار، فیکٹریوں پر انکم ٹیکس، سیلز ٹیکس اور ایف ای ڈی چھوٹ ہو گی، سابق فاٹا کیلئے ٹیکس چھوٹ معاشی حالات بہتر نہ ہونے کے باعث دی جائے گی۔

سابق فاٹا کیلئے ٹیکس چھوٹ 2023 کے اختتام پر ختم ہو چکی تھی جبکہ ذرائع کا بتانا ہے کہ آئی ایم ایف نے سابق فاٹا کیلئے ٹیکس چھوٹ ختم کرنے کی تجویز دی تھی۔ ایف بی آر ذرائع کا بتانا ہے کہ سابق فاٹا کو مزید ایک سال کیلئے ٹیکس چھوٹ دینے کی تجویز تیار کی گئی ہے، سابق فاٹا کی سرحد پر چیک پوسٹ قائم کیے جانے کی بھی تجویز ہے، چیک پوسٹوں کے قیام سے ٹیکس فری مشینری ملک کے باقی حصوں میں نہیں لائی جا سکے گی۔