اسلام آباد(صباح نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے قومی اسمبلی کے رکن اسد عالم نیازی نے کہا ہے کہ کراچی کا سب سے بڑا مافیا کے الیکٹرک ہے۔قومی اسمبلی میں توجہ دلائو نوٹس پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے اسد عالم نیازی نے کہا کہ کے الیکٹرک کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور اوور بلنگ معمول ہے، سو فیصد بل دینے والوں کو بھی 16 گھنٹے لوڈشیڈنگ کا سامنا ہے۔اسد عالم نیازی نے کہا کہ 10 روپے بجلی کا یونٹ صرف تین ماہ میں بڑھا ہے، عوام شدید گرمی کے موسم میں بلبلا رہے ہیں، پانی کی فراہمی بھی ایک بڑا مسئلہ بن چکا ہے۔
قومی اسمبلی کے اجلاس میں وزیرِ مملکت علی پرویز ملک نے جواب دیا کہ کے الیکٹرک میں 2109 فیڈر میں سے 1500 فیڈرز پر کوئی لوڈشیڈنگ نہیں۔علی پرویز ملک نے کہا کہ باقی فیڈرز پر نقصان کے مطابق 6 سے 10 گھنٹے تک لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے، چار علاقوں میں خاص طور پر نقصانات 25 فیصد سے زائد ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جہاں لوڈشیڈنگ زیادہ ہے وہاں بلدیاتی نمائندگان سے بھی رابطے میں ہیں، ان ٹرانسفارمرز کا بتادیا جائے جہاں چوری ہے تو پورے فیڈر سے لوڈشیڈنگ ختم کردیں گے۔