اسلامی نظام حکومت جلد قائم ہو گی توانسانوں کو امن و سکون ملے گا،راشد نسیم

میرپور خاص(صباح نیوز)مرکزی رہنما جماعت اسلامی راشد نسیم میرپور خاص میں ضلعی اجتماع ارکان سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سید مودودی نے حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے اسوۂ حسنہ کے مطابق اسلام کے طرز حکومت کا موجودہ دور میں احیا کیا ہے، اسلامی حکومت کا قیام جماعت اسلامی کا نصب العین اور اس کا محرک رضائے الٰہی کا حصول ہے۔ حکومت الٰہی کے قیام کے لیے جدوجہد انسان کو دنیاوی غرضوں سے بالاتر کرتی ہے، حضور پاکۖ اور خلفائے راشدین کے دور میں یہی طرز عمل اپنایا گیا۔ موجودہ حکمرانوں کے تئیں مال و دولت کا حصول ہی سیاست کا مقصد ہے،

سید مودودی نے جماعت اسلامی کے نصب العین میں اس کی جڑ کاٹ کر کے رکھ دی ہے۔ سید مودودی کی خواہش تھی کہ اقتدار ایسے لوگوں کے پاس ہو جو دنیاوی غرضوں سے بالاتر ہوں اور جب ایسا ممکن ہو گا تبھی معاشرے میں امن، خوشحالی اور انصاف قائم ہو گا، موجودہ دور میں ساری خرابیوں کے ذمہ دار حکمران طبقہ ہے، اس مفادات کی جنگ میں نہ صرف پاکستان بلکہ ساری دنیا اس کی لپیٹ میں ہے۔ انھوں نے کہا کہ اسلامی نظام حکومت جلد قائم ہو گی تو اس کے نتیجے میں انسانوں کو امن و سکون ملے گا۔