اسلام آباد(صباح نیوز)جماعت اسلامی کے سینیٹر مشتاق احمد خان نے اسٹیٹ بینک ترمیمی بل کی منظوری کو غداری قرار د یتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے قائد کے اسٹیٹ بینک کو فروخت کردیا ۔
سینیٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے مشتاق خان نے کہا کہ حکومت نے آئی ایم ایف کی جانب سے ڈرافٹ کردہ بل ایوان سے منظور کرایا، جس دن یہ بل منظور کیا گیا وہ دن اس سینیٹ، پارلیمنٹ اور پاکستان کی آزادی کے لیے سیاہ دن تھا۔
انہوں نے اسٹیٹ بینک ترمیمی بل منظور کرانے پر حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بتاتے ہوئے قانون سازی کو ملک و قوم سے غداری قرار دیا، انہوں نے کہاکہ حکمرانوں نے ملک کی خود مختاری کا سودا کیا ہے، سینیٹ میں ترمیمی بل منظور کرکے گورنر اسٹیٹ بینک کو وائسرائے اور آئی ایم ایف کو ایسٹ انڈیا کمپنی بنا دیا گیا ہے اور بالکل اسی طرح جس طرح سلطنت عثمانیہ کا جب مرکزی بینک پر اختیار ختم ہوا تو سلطنت عثمانیہ ختم ہوگئی، اسی طرح اسٹیٹ بینک ترمیمی بل منظور ہونے سے پاکستان کی خود مختاری، اس کا نیوکلیئر پروگرام شدید خطرے میں پڑ گیا ہے، بل منظور کرا کے پی ٹی آئی نے ملک سے غداری کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جس دن یہ بل پاس ہوا وہ سیاہ دن تھا، میں نے بل پر ترامیم جمع کروائی تھیں، حکومتی لوگوں نے قوم سے غداری کی ہے، حکومتی ارکان نے ایوان کے رولز کو آئی ایم ایف کے لئے پائوں تلے روندا۔
سینیٹر مشتاق نے کہا کہ میری ترامیم پیش ہونے نہیں دی گئیں، ایوان میں نعرے لگاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ غلام ہے غلام ہے پی ٹی آئی امریکہ کا غلام ہے۔