مظفر آباد: متحدہ جہاد کونسل جموں وکشمیر نے کہا ہے کہ مودی سرکار نے اگر آزاد خطے کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی حماقت کی تو سب سے پہلے کشمیری عوام کے ہاتھوں اس کی عبرت ناک شکست اس کا مقدر ہوگی اور سارا منظر نامہ ہی بدل کر رہے گا۔ ان خیالات کا اظہار متحدہ جہاد کونسل جموں کشمیر کے ایک خصوصی اجلاس میں جو آزاد کشمیر پر حالیہ پاکستان مخالف ہرزہ سرائی, جارحانہ مہم جوئی اور موجودہ صورتحال کے تناظر میں کیا گیا-
اجلاس کی صدارت حزب سربراہ اور متحدہ جہاد کونسل کے چئیرمین سید صلاح الدین احمد نے کی۔ اجلاس میں تحریک آزادی اور بیس کیمپ کی مجموعی صورتحال کا ہمہ پہلو جائزہ لیتے ہوئے یہ حقیقت واضح کی گئی کہ دس لاکھ بندوقوں کے سائے میں رچائے گئے حالیہ انتخابی ڈرامے کی کوئی حثیت نہیں ہے اور نہ ہی یہ انتحابات رائے شماری کے متبادل ہیں- جس کا یو این او قرار دادوں میں ریاستی عوام کے ساتھ وعدہ کیا گیا ہے۔
اجلاس میں حالیہ پاکستان مخالف ہرزہ سرائیاں، جارحانہ مہم جوئی اور آزاد کشمیر پر حملہ کرنے کی دھمکیوں کو گیدڑ بھپکیاں قرار دے کر مسترد کرتے ہوئے واضح کیا گیا کہ یہ سب کچھ انتہا پسند ہندو ووٹ بینک حاصل کرنے کی مذموم کوشش ہے جو زعفرانی سیاست کی بنیاد رہی ہے۔ جہاد کونسل نے واضح کیا کہ اگر مودی سرکار نے آزاد خطے کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی حماقت کی تو سب سے پہلے کشمیری عوام کے ہاتھوں اس کی عبرت ناک شکست اس کا مقدر ہوگی اور سارا منظر نامہ ہی بدل کر رہے گا۔
اجلاس میں واضح کیا گیا حالیہ پارلیمانی انتخابات میں ووٹنگ کی شرح دراصل انتہا پسند فرقہ پرستانہ سیاست کے خلاف اور مقامی امیدواروں کے حق میں رائے عامہ کا اظہار اور فیصلہ ہے۔ اجلاس کے آخر پر ہفتہ رفتہ کے شہدا کی بلندی درجات کی دعا کی گئی اور اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ حصول منزل تک جدو جہد جاری رہے گی-