شمالی غزہ میں پانی، خوراک، اور دوا مکمل طور پر بند۔ہر لمحہ موت کا سامنا ، دنیا خاموش ہے


غزہ (صباح نیوز)ڈائریکٹر، کمال عدوان ہسپتال ڈاکٹر حسام ابو صفیہ نے شمالی غزہ کی دل دہلا دینے والی صورتحال بیان کرتے ہوئے کہا ہے کہ  “ہمارا ہسپتال اسرائیلی محاصرے میں ہے، اور میڈیا میں امداد کی فراہمی کی خبریں جھوٹ پر مبنی ہیں۔اپنے ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہاکہ 4 ہفتوں سے عالمی ادارہ صحت کی طرف سے ادویات، طبی وفود، اور خوراک کے انتظار میں ہیں، لیکن قابض فورسز نے صرف 40 میں سے 7 کارٹن طبی سامان کی اجازت دی۔”

انہوں نے کہاکہ یہاںزخمی روزانہ علاج نہ ہونے کے باعث شہید ہو رہے ہیں۔  بچے غذائی قلت کا شکار ہیں، 4 کی حالت انتہائی تشویشناک ہے، اور اب بالغ افراد بھی اس بحران میں مبتلا ہیں۔ ہسپتال میں محدود وسائل پر صرف جان بچانے کی سرجری ہو رہی ہے، وہ بھی بچوں کے ڈاکٹروں کے ہاتھوں۔  شمالی غزہ میں کوئی ایمبولینس اور سول ڈیفنس کام نہیں کر رہا۔

اندوہناک واقعات کے بارے میں انہوں نے کہاکہ کل ملبے تلے دبے خواتین اور بچوں نے مدد کی اپیل کی، لیکن طبی عملہ نہ پہنچ سکا، اور وہ آج شہید ہو چکے ہیں۔. قابض افواج نے جراحی کے ماہر ڈاکٹروں کو گرفتار کر لیا ہے، اور شہریوں کی جبری بے دخلی جاری ہے۔ شمالی غزہ میں پانی، خوراک، اور دوا مکمل طور پر بند ہے۔”یہاں ہر لمحہ موت کا سامنا ہے، اور دنیا خاموش ہے