الخدمت فاؤنڈیشن خواتین طالبات کے اندر مثبت تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے ، ڈاکٹر حمیرا طارق


لاہور(صباح نیوز) سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر حمیرا طارق نے کہا ہے کہ اچھی تربیت یافتہ نوجوان نسل بہترین تمدن کی بنیاد ہے – نسلیں صرف سوچ سے نہیں بلکہ اعلی کردار اور عمدہ تربیت سے پروان چڑھتی ہیں ،الخدمت فاؤنڈیشن خواتین طالبات کے اندر مثبت تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے-

ان خیالات کا اظہار سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر حمیرا طارق نے الخدمت فاؤنڈیشن خواتین کے زیر اہتمام ایک مذاکرہ بعنوان “مضبوط معاشرہ مستحکم خاندان سے خطاب کے دوران کیا – انہوں نے کہا کہ جب تک عورت کو جدت پسندی کے نام پر خاندان سے بغاوت کی راہ پر نہیں ڈالا گیا ، اسلامی روایات و اقدار کی حامل بہترین نسلیں پرورش چڑھتی رہیں – آج بھی وہ نسلیں معاشرتی اقدار اور خاندانی روایات کی حامل ہیں  – عورت ایک مضبوط خاندان کی جڑ ہے اور مستحکم خاندان ہی عورت کو تحفظ اور آسائشیں فراہم کرنے کا ذریعہ بنتا ہے

ڈپٹی سیکرٹری ڈاکٹر سمیحہ راحیل قاضی نے مذاکرے کو کنڈکٹ کروایا اپنی ابتدائی گفتگو میں انہوں نے کہا کی عورت کی شعوری بیداری مہذب معاشرے کی ابتدا ہے –  آج کی نوجوان نسل ہمارا مستقبل ہے- با اخلاق و با اختیار لیڈر شپ کی تربیت نوجوان نسل کے لیے لازم بھی ہے اور کل کے مضبوط معاشرے کی بنیاد بھی یے -علمی مذاکرے اور آگاہی سیمینارز نوجوان  نسل کو ذہنی آسودگی فراہم کرتے ہیں -الخدمت خواتین فاؤنڈیشن  تعلیم ، تربیت، کھیل، خدمت انسانیت ہر میدان میں بھرپور جذبے کے ساتھ مصروف عمل ہے ،

ڈپٹی سیکرٹری ثمینہ سعید نے کہا کہ مختلف مقابلہ جات طالبات کے اندر نظم و ضبط ، مسابقت اور بہتر کارکردگی کا شعور اجاگر کرتے ہیں اور ان کے اندر قیادت کی صلاحیتیں جنم لیتی ہیں – الخدمت فاؤنڈیشن مستقبل کی متوازن لیڈر شپ کی تیاری میں بہترین کردار ادا کر رہی ہے-بعد ازاں الخدمت فاؤنڈیشن خواتین کے تحت پوسٹر سازی کا مقابلہ منعقد کیا گیا جس کی صدارت ڈاکٹر حمیرا طارق نے کی اور ڈپٹی سیکرٹری ثمینہ سعید اور ڈاکٹر سمیحہ راحیل قاضی نے ججز کے فرائض انجام دئے – اول ، دوئم ، سوئم آنے والی طالبات میں انعامات تقسیم کیے گئے