کراچی(صباح نیوز)امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہاکہ حکومت و ریاست کی نااہلی کی وجہ سے 5 سے 15 سال کے 73 لاکھ بچے جنہیں اسکولوں میں ہونا چاہیے تھا اسکول سے باہر ہیں، مفت آئی ٹی کورسز کاالخدمت بنو قابل پروگرام بڑھتی ہوئی مہنگائی اور بے روزگاری کے طوفان میں نوجوانوں کو مایوسی سے نکالنے کے لیے اُمید بن چکا ہے،ہم نوجوانوں کا ہاتھ تھام کر انہیں آگے بڑھائیں اور علامہ اقبال کے خواب کو شرمندہ تعبیر کروائیں گے۔نوجوان مایوس نہ ہوں،جماعت اسلامی اور الخدمت ان کے ساتھ ہے۔ پاکستان میں بے شمار وسائل اور معدنیات ہیں،ہمیں پر عزم ہوکر آگے بڑھنا ہوگا۔ علم کی شمع روشن کرنے کے لیے ہمیں متحد ہونا ہوگا۔ یہ وطن عزیز ہماری تمناؤں اور امیدوں کا مرکز ہے۔ اس کا خواب علامہ محمد اقبال نے دیکھا تھا اور قائد اعظم نے اسے حقیقت کا روپ دیا۔ آج نوجوانوں کو مایوسی کا شکار کیا جا رہا ہے،
جماعت اسلامی اور الخدمت نے نوجوانوں کو ائی ٹی پلیٹ فارم دیا ہے ہم چاہتے ہیں کہ نوجوان اپنے ملک کی خدمت کریں اوراپنے والدین کا سہارا بنیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی والخدمت کے تحت آئی ٹی کے مختلف کورسز مفت کروانے کے لیے پنجاب گراؤنڈ،شاہ فیصل کالونی میں ”بنوقابل ایپٹی ٹیوٹ ٹیسٹ4.0” میں شریک ہزاروں طلبہ و طالبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔تقریب سے سی ای او الخدمت کراچی نوید علی بیگ،جماعت اسلامی کے رکن سندھ اسمبلی محمد فاروق ،ماڈل ٹاؤن کے چیئرمین ظفر احمد خان،امیرجماعت اسلامی ضلع ایئرپورٹ محمد اشرف ،آئی ٹی اسپیشلسٹ و سوشل میڈیا ایکٹیوٹس قاضی نعمان مجاہد،جامعہ ملیہ کی استاد شہناز احمدودیگر نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پرشعبہ تعلیم سے تعلق رکھنے والی شخصیات ڈاکٹر شمائلہ گل،ڈاکٹر فائقہ،رفعت جمیل اور مس فرزینہ بھی موجود تھیں۔مرزا ثوبان بیگ نے نظامت کے فرائض انجام دیئے۔تقریب میں انٹرمیڈیٹ میں فرسٹ پوزیشن حاصل کرنے والی امینہ احسان اور میٹرک میں دوسری پوزیشن حاصل کرنے والی رومیصا عمران کو گلدستہ اور یاد گاری شیلڈز پیش کی گئیں۔
شرکاء سے ایک گھنٹے کا تحریری ٹیسٹ لیا گیا ،کامیاب طلبہ و طالبات کو ویپ ڈیولپنگ ، ویب ڈیزائننگ ،ڈیجیٹل مارکیٹنگ ، ایمزون سمیت مختلف آئی ٹی کے کورسز مفت کرائے جائیں گے ۔ پنجاب گراؤنڈ کے وسیع و عریض گراؤنڈ میں شریک طلبہ وطالبات کے لیے ہزاروں کرسیوں کا انتظام کیا گیا تھا ، اس موقع پرموجود تمام قائدین اور ہزاروں طلبہ و طالبات نے کھڑے ہوکر قومی ترانہ پڑھا ، قائدین کے خطاب کے لیے ایک بڑا اسٹیج تیار کیا گیا تھا جس پر ایک بہت بڑا بل بورڈ لگا ہوا تھا جس پر تحریر تھا کہ” اب وقت ہے آگے بڑھنے کا” اسٹیج کے عقب میں ایس ایم ڈی لگائی گئی تھی جس پر بنوقابل پروجیکٹ کے بارے میں بتایاجارہا تھا۔منعم ظفر خان نے مزیدکہاکہ ضلع ایئرپورٹ کی پوری ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے جس نے پروقار تقریب کا انعقاد کیا۔یہ ایونٹ کراچی کے طلبہ و طالبات کوآئی ٹی کی فیلڈ میں آگے بڑھانے کے لیے منعقد کیا گیاہے۔ دو سال قبل حافظ نعیم الرحمن نے آئی ٹی کورسز کے لیے بنوقابل پروگرام کے نام سے ایک منصوبہ شروع کیا۔ اب تک 50ہزار طلبہ و طالبات کو کورسز کرواچکے ہیں۔نوید علی بیگ نے کہاکہ آئندہ ہفتے بنوقابل 4.0 کے مزید پروگرامات ہوں گے۔ تمام پروگرامات میں علم حاصل کرنے کا جذبہ اور روشن چہرے نظر آتے ہیں۔کراچی کے نوجوان بچے اور بچیاں الخدمت و جماعت اسلامی سے ُامیدیں لگائے ہوئے ہیں۔گزشتہ دو سال میں کورس مکمل کرنے والے 50 ہزار سے زائد طلبہ و طالبات ماہانہ 3 سو سے زائد ڈالرز کمارہے ہیں ۔الخدمت نے بنوقابل پروگرام کے ساتھ ساتھ banoqabiljob.comپورٹل بھی بنادیا ہے۔طلبہ و طالبات کورسز مکمل کرنے کے بعد پورٹل میں رجسٹرڈ کروائیں۔ہم نے 5 کورسز سے آغاز کیا تھا اور آج 28 کورسز کروارہے ہیں۔ پہلے صرف 9 مراکز تھے اور آج 55 مراکز ہیں جہاں فری آئی ٹی کورسز ہورہے ہیں۔آئی ٹی کے میدان میں بہت مواقع ہیں،طلبہ و طالبات دل لگا کر اور محنت سے کورسز کریں۔
محمد اشرف نے کہا کہ حکومت و ریاست کی جانب سے کراچی کے عوام کے لیے تعلیم کے دروازے بند کردیے گئے ہیں۔معیاری تعلیم حاصل کرنا اب خواب بن کر رہ گیا ہے۔حافظ نعیم الرحمن خراج تحسین کے مستحق ہیں جنہوں نے کراچی کے عوام کو پڑھانے کا بیڑہ اٹھایا۔شاہ فیصل کالونی ایسی بستی ہے جہاں سے بہت سے مشہور کھلاڑی نکلے ہیں۔ہاکی کے بڑے بڑے کھلاڑی اسی پنجاب گراؤنڈ سے ہی کھیل کر آگے بڑھے ہیں۔شاہ فیصل کے طلبہ و طالبات محنت کریں اور علم کے میدان میں آگے بڑھیں۔محمد فاروق نے کہاکہ جنوری 2024 میں ہم نے وعدہ کیا تھا کہ یوتھ کو آگے بڑھائیں گے اور ان کے ہاتھوں میں قلم دیں گے۔ ہم اس وعدے کو پورا کر رہے ہیں ،شاہ فیصل میں میگا سینٹر کی تعمیر ہورہی ہے جس میں نوجوانوں کو فری آئی ٹی کورسز کروائے جائیں گے۔نااہل اور ظالم حکمران عوام کو مایوس کرنا چاہتے ہیں۔کراچی کے شہریوں کے لیے تعلیم اور ملازمتوں کے دروازے بند کردیے گئے ہیں۔جماعت اسلامی عوام کے ساتھ ہے، عوام جماعت اسلامی کا دست و بازو بنیں۔ ٹاؤن چیئرمین ظفر احمد خان نے کہاکہ نوجوان ملک کا مستقبل ہیں،الخدمت و جماعت اسلامی پاکستان کے مستقبل کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔کراچی کے نوجوانوں کا مستقبل فوڈ پانڈا یا ڈیلوری بوائے نہیں۔جماعت اسلامی کراچی کے نوجوانوں کو پڑھائے گی اور آگے بڑھائے گی۔