لیاقت بلوچ کی غزہ میں اسرائیلی مظالم کے خلاف پرامن احتجاج پر تشدد،گرفتاریوں پر اسلام آباد انتظامیہ کی شدید مذمت


لاہور(صباح نیوز) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان اور سیکرٹری ملی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ نے غزہ میں اسرائیل کے انسانیت سوز مظالم کے خلاف سیاسی قائدین،طلبہ اور سول سوسائٹی کے پرامن احتجاج پر تشدد،گرفتاری اور مقدمات پر اسلام آباد انتظامیہ کی شدید مذمت کی ہے۔ آئینی،قانونی اور دستوری حدود میں ہونیوالے پرامن مظاہروں پر امریکی انتظامیہ اور پاکستانی حکام کا یکساں پرو اسرائیل طرزعمل قابل افسوس اور مایوس کن ہے۔

معصوم  اور نہتے فلسطینی شہریوں کے خلاف  اسرائیل  کے جنگی جرائم  کے خلاف وفاقی حکومت کا غیر تسلی بخش طرزعمل  قائداعظم کی فلسطین پالیسی سے انحراف ھے- ضرورت اس بات کی ہے کہ حکومت،اپنے تاریخی موقف،عوام کے حقیقی جذبات اور اقوام عالم کے منصفانہ نقطہ نظر کا احترام کرتے ہوئے جراتمندانہ کردار کا مظاہرہ کرے ۔انہوں نے جماعت اسلامی اور اسلامی جمعیت طلبہ کیقائدین کے خلاف ایف آئی آر کی واپسی اور حمیرا طیبہ کی فوری رہائی کا مطالبہ بھی کیا۔