اسلام آباد:ورلڈ فورم فار پیس اینڈ جسٹس کے چیئرمین ممتاز کشمیری راہنما ڈاکٹر غلام نبی فائی نے کہا ہے کہ ایک مضبوط و خودمختار مستحکم پاکستان کشمیریوں کی امیدوں اور آرزوں کا مرکز اور کشمیر کی آزادی کا ضامن ہے
۔ڈاکٹر غلام نبی فائی اسلام آباد میں مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل سردار عبدالخالق وصی کی طرف سے اپنے اعزاز میں دیے گئے ظہرانے سے خطاب کر رہے تھے ۔
انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کے ساتھ زندگی بھر کا عہد کر رکھا ہے کہ وہ کشمیریوں کے حق خود ارادیت کیلئے تمام زندگی جدوجہد کریں گے اور اس مقصد کو ہر دن ہر ہفتے اور ہر مہینے اور ہر سال جاری رکھیں گے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سردار عبدالخالق وصی ایڈووکیٹ نے ڈاکٹر غلام نبی فائی کی گزشتہ کئی دہائیوں سے بین الاقوامی سطح بلخصوص امریکہ میں مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے اور اس کے حل کے لئے مسلسل جدوجہد اور اس دوران میں قید و بند کی صعوبتیں برداشت کرنے پر ان کو خراج تحسین پیش کیا۔ مسئلہ کشمیر پر بین الاقوامی سفارت کاری کے سلسلہ میں ڈاکٹر غلام نبی فائی کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔
ڈاکٹر فائی مقبوضہ کشمیر کے بڈ گام ضلع کے ودھوان گاں میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی سے ایم اے کی ڈگری حاصل کی۔ بعدازاں وہ سعودی عرب چلے گئے۔ انہوں نے امریکہ کی ٹیمپل یونیورسٹی پینسلوینیا سے ماس کمیونیکیشن میں پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی۔وہ لندن میں قائم جسٹس فاؤنڈیشن اور لیسٹر برطانیہ میں قائم انٹرنیشنل انسٹی ٹیوٹ آف کشمیر اسٹڈیز کے بانی چیئرمین بھی ہیں۔ڈاکٹر فائی ان دنوں پاکستان و آزاد کشمیر کے دورے پر ہیں جہاں وہ حکومت پاکستان و آزاد کشمیر کے نمائندوں، سیاسی جماعتوں کے قائدین، دانشوروں، صحافیوں و دیگر افراد سے ملاقاتیں کریں گے۔
ظہرانے میں مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر ، سابق وزیر حکومت ڈاکٹر نجیب نقی ، سابق وزیر حکومت محترمہ فرزانہ یعقوب ، سابق سیکرٹری حکومت حمید شاہین ، سردار ذوالفقار روشن و دیگر شریک تھے