سری نگر: بھارتی فورسز کی طرف سے مقبوضہ کشمیر کے مختلف اضلاع میں محاصرے اور تلاشی کی پرتشدد کارروائیوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔بھارتی فوجیوں، پیرا ملٹری، پولیس اور وی ڈی سی کے اہلکاروں کی طرف سے جموں خطے کے پونچھ، راجوری اور ڈوڈہ اضلاع کے مختلف علاقوں میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی جمعے کو ساتویں روز بھی جاری ہے۔ پولیس کے مطابق سرن کوٹ میں آپریشن کے دوران چھبیس افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ آپریشن میں ڈرون کیمروں اور سراغ رساں کتوں کا بھی استعمال کیا جارہا ہے۔
بھارتی فوجیوںنے ان اضلاع میں آپریشن نامعلوم مسلح افراد کیطرف سے ہفتے کے روز پونچھ کے علاقے شاشتر میں بھارتی ائر فورس کے ایک قافلے پر حملے کے بعد شروع کیا تھا ۔ حملے میں ائر فورس کا ایک اہلکار ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے تھے۔بھارتی فورسز نے آپریشن کے دوران اب تک دو درجن سے زائد افراد کو پوچھ گچھ کیلئے حراست میںلیا ہے ۔جموںخطے کے ہی ادھم پور اور کٹھوعہ اضلاع کے مختلف علاقوں میں بھی آج13ویں روز بھی بھارتی فورسز کی محاصرے اور تلاشی کی کارروائی جاری ہے۔دریں اثنا، مقبوضہ وادی کشمیر کے اضلاع سری نگر، بارہمولہ، کپواڑہ، کولگام، پلوامہ، شوپیاں اور اسلام آباد میں بھی محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں جاری رہیں۔