اپوزیشن کے کردار سے مطمئن نہیں ہوں،خواجہ سعد رفیق


لاہور(صباح نیوز)پاکستان مسلم لیگ (ن)کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ میں اپوزیشن کے کردار سے مطمئن نہیں ہوں،اپوزیشن کو سڑکوں پر نکلنا چاہئے،ہم توقع کرتے ہیں کہ طاقت ورحلقے نیوٹرل کردارادا کرینگے۔

احتساب عدالت لاہور کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لوگ جانتے ہین کہ عمران خان کے آنے کے بعد کرپشن میں اضافہ ہوا، پی ٹی آئی کے ڈونرز اور سپوٹرز کو نوازا گیا، دوسروں کو چور کہنے والے خود چور نکلے ہیں، ایک ایسی صورتحال بن چکی ہے جہاں اداروں کا کوئی والی وارث نہیں ہے، اسٹریٹ کرائم میں اضافے کا تعلق مہنگائی اور بے روز گاری سے ہے۔

سعد رفیق کا کہنا تھا کہ ای وی ایم پی ٹی آئی کا الیکشن لوٹنے کا اگلا منصوبہ ہے، ای وی ایم پر تمام سیاسی جماعتیں متفق ہیں، آئینی ذمہ داری الیکشن کمیشن کی ہے انہوں نے 37 اعتراضات اٹھائے ہیں، حکومت نیب کو کنٹرول کرنے کا منصوبہ بنارہی ہے، اور انتقامی سیاست کر رہی ہے، عمران خان کی سوچ ہے کہ ان کا مخالف کسی طرح فنا ہو جائے، اگر احتساب شفاف ہوتا تو نظر آتا، پاکستان میں انصاف کا نعرہ ہی انتقام کے لیے لگتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں اپوزیشن کے کردار سے مطمئن نہیں ہوں، اپوزیشن کو سٹرک پر نکلنا چاہئے، کوئی لانگ مارچ ضائع نہیں ہوتا کچھ نہ کچھ نکلتا ہے، ہم توقع کرتے ہیں کہ طاقت ور حلقے نیوٹرل کردار دا کریں گے، لگتا ہے بلدیاتی الیکشن کی نوبت نہیں آئے گی، جو بڑے ذوق اور شوق سے تبدیلی لے کر آئے تھے انہیں بھی اس تبدیلی کا مزہ لینے دیں۔