لگتا ہے سندھ کو منصوبہ بندی سے لسانیت کی طرف دھکیلا جا رہا ہے، فضل الرحمان


اسلام آباد(صباح نیوز)جمعیت علمائے اسلام(ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ لگتا ہے سندھ کو باقاعدہ منصوبہ بندی سے لسانیت کی طرف دھکیلا جارہا ہے۔

گزشتہ روز کراچی میں ایم کیو ایم پاکستان کے کارکنوں پر پولیس تشدد کے معاملے پر مولانا فضل الرحمان نے ایم کیو ایم پاکستان کے ڈپٹی کنوینر عامر خان سے ٹیلیفونک رابطہ کیا۔

مولانا فضل الرحمان نے عامر خان سے ایم کیو ایم پاکستان کے کارکن کی شہادت پر افسوس کا اظہار اور مظاہرین پر پولیس کے تشدد کی مذمت بھی کی۔

اس موقع پر مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ لگتا ہے سندھ کو باقاعدہ منصوبہ بندی سے لسانیت کی طرف دھکیلا جا رہا ہے، معاملات کو افہام و تفہیم اور جمہوری انداز سے حل کیا جائے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز ایم کیو ایم پاکستان کے مظاہرین پر پولیس کے لاٹھی چارج اور شیلنگ سے ایک کارکن  مبینہ طور پر جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے تھے جبکہ پولیس نے ایم کیو ایم کے کئی کارکنوں کو حراست میں بھی لے لیا تھا جنہیں بعد ازاں رہا کر دیا گیا تھا