اسلا م آباد(صباح نیوز)مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے عدم اعتماد کی تحریک کو حساس معاملہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ جب ہماری تیاری پوری ہو گی تو عدم اعتماد کی تحریک پیش کر دیں گے۔
ایک نجی ٹی وی کیساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی اپنا اور پی ڈی ایم اپنا لانگ مارچ کرے گی، دو لانگ مارچ ہونے سے حکومت پر زیادہ دباو پڑیگا۔شیخ رشید کی جانب سے عمران خان کے سر پر ہاتھ سے متعلق سوال کے جواب میں شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ ہمیں کسی ہاتھ کی ضرورت نہیں ہے، آئین میں غیر آئینی مداخلت نہ ہو یہ نظام ایک دن بھی نہیں چل سکتا، جب غیر آئینی مداخلت ختم ہو جائے گی تو عدم اعتماد بھی ہو جائے گا۔
رہنما مسلم لیگ ن کا کہنا تھا کہ عدم اعتماد کی تحریک ایک حساس معاملہ ہے، جب ہماری تیاری پوری ہو گی تو عدم اعتماد کی تحریک بھی پیش کر دیں گے، آج عوام کی مشکلات اور مہنگائی کا حل صرف نئے انتخابات میں ہے۔
شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ جب عوام مشکل میں ہو تو ہم نے اقتدار میں آکر کیا کرنا ہے، ایوانوں میں آکر کیا کرنا ہے، جب ملکی معیشت تباہ ہو چکی ہو تو کسی کا ہاتھ گلے پر ہو یا سر پر اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔