کرپشن کے خاتمے میں وقت لگے گا ،علی محمد خان


اسلام آباد(صباح نیوز) وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا ہے کہ کرپشن کے خاتمے میں وقت لگے گا ۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کرپشن پاکستان کی تباہی کی بنیادی وجہ ہے، بڑے لیول کی کرپشن پر عمران خان نے ایکشن لیے ہیں، کرپشن کے خاتمے میں کچھ وقت لگے گا، نچلی سطح کی کرپشن زیرو نہیں ہوئی اور نہ کبھی ہو گی۔

ٹرانسپیرنسی رپورٹ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ رپورٹ میں 17 فیصد عوام نے رائے دی، یہ 17 فیصد عوام کون تھے؟ کیسے رائے دی؟ یہ سوالیہ نشان ہے۔علی محمد خان نے الزام عائد کیا ہے کہ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کے سربراہ عادل خان مسلم لیگ (ن) کے دور میں لگائے گئے، انہیں (ن) لیگ نے سربیا میں سفیر لگایا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اس قسم کے سروے 100 فیصد حقائق پر مبنی نہیں ہوتے۔