صدر زرداری کا یتیم بچوں کیلئے ایوانِ صدر میں افطار ڈنر

اسلام آباد (صباح نیوز) صدرآصف علی زرداری  نے اسلامی تعاون تنظیم کے تحت  یوم یتامی، کے موقع پر بچوں کیلئے ایوانِ صدر میں افطار ڈنر کا اہتمام کیا ۔ ایوانِ صدر میں افطار ڈنر میں ملک کے مختلف شہروں سے آئے یتیم بچوں نے شرکت کی ۔ صدر مملکت نے اس موقع پر صوبائی حکومتوں پر یتیم بچوں کی پرائمری اور سیکنڈری تعلیم کیلئے خصوصی اقدامات لینے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یتیم بچوں کی تعلیم و تربیت اور نگہداشت کے کار ِخیر میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں ،پھول جیسے بچوں سے مل کر بہت خوشی ہوئی،یتیم بچوں کی کفالت اور تعلیم و تربیت ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

تقریب میں صدر کی صاحبزادی  آصفہ بھٹو زرداری بھی موجود تھیں۔آصفہ بھٹو زرداری نے پاکستان کے مختلف شہروں سے آئے یتیم بچوں سے ملاقات بھی کی  اور گروپ فوٹو بھی بنوایا ۔تقریب سے پاکستان آرفن کیئر فورم کے چیرمین ائیر مارشل ریٹائرڈ فاروق حبیب نے بھی خطاب کیااور بتایا کہ  فورم یتیم بچوں کی بہترین پرورش اور نگہداشت کیلئے کام کر رہا ہے ،صحت مند معاشرے کمزور طبقات بالخصوص یتیم بچوں کی نشوونما اور تعلیم و تربیت کا خیال رکھتے ہیں ، ملک میں 46 لاکھ کے قریب یتیم ہیں ۔ ایوانِ صدر میں بچوں کو مدعو کرنے سے انکے اعتماد میں اضافہ ہوگا، حوصلہ افزائی ہوگی۔