علی امین خان گنڈاپور کا الخدمت فاؤنڈیشن کے آغوش مرکز کا دورہ

پشاور (صباح نیوز)وزیر اعلی خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے   یوم یتامی کے موقع پر  الخدمت فاؤنڈیشن کے آغوش مرکز کا دورہ کیا ۔ وزیر اعلی مرکز میں زیر کفالت یتیم بچوں میں گھل مل گئے۔ وزیر اعلی نے بچوں میں تحائف اور نقد رقم تقسیم کی۔ ختم قرآن کے سلسلے میں منعقدہ تقریب میں وزیراعلی بحیثیت مہمان خصوصی شریک ہوئے ۔

اس موقع پر انھوں نے کہا کہ اس  طرح کی تقریب میں شرکت میرے لئے باعث اعزاز ہے، علی امین گنڈاپور نے کہا کہ  یتیم بچوں سے ملنے اور انکے ساتھ کچھ لمحے گزارنے کا موقع فراہم کرنے پر آغوش کے منتظمین کا شکر گزار ہوں ، یتیم بچوں کی کفالت کار عظیم ہے جس میں دنیا اور آخرت کی کامیابی ہے،  یتیم بچوں کی کفالت کے سلسلے میں الخدمت فاؤنڈیشن کا کردار قابل ستائش ہے،  وزیر اعلی نے کہا کہ  ہمارا مقصد لوگوں کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنا ہے، جب لوگ اپنے پاؤں پر کھڑے ہو جائیں تو قومیں خودبخود کھڑی ہو جاتی ہیں،

 انسا نیت کی بھلائی کے لیے صوبائی حکومت الخدمت فاؤنڈیشن کو بھرپور تعاون فراہم کرے گی، یتیم بچوں کی فلاح و بہبود کے لیے جتنا تعاون ممکن ہو، کروں گا، علی امین گنڈاپور نے کہا کہ  ہم نے سیاست سے بالاتر ہو کر عوامی فلاح کے لیے کام کرنا ہے،  وسائل عوام کی فلاح کے لیے استعمال کرنے ہیں اس سوچ کے ساتھ آگے بڑھنا چاہتا ہوں، ایک ٹیم ورک کے ساتھ آگے بڑھیں گے، وہ کام کریں گے جو عوام و ملک کے مفاد میں ہوں