سپریم کورٹ، پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی کرپشن کیس کی سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی


اسلام آباد(صباح نیوز) سپریم کورٹ آف پاکستان نے نیب کی درخواست پر پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی کرپشن کیس میںمسلم لیگ ( ن)کے رہنماخواجہ سعدرفیق اور انکے بھائی خواجہ سلمان رفیق کی ضمانت سے متعلق فیصلے کیخلاف دائر نظر ثانی اپیلوں پر سماعت غیر معینہ مدت تک کیلئے ملتوی کر دی ۔

پیر کوجسٹس مقبول باقر کی سربراہی میںجسٹس مظاہر علی نقوی اور جسٹس جمال خان مندوخیل پر مشتمل تین رکنی بینچ نے پیرا گون ہاؤسنگ سوسائٹی کرپشن کیس میں خواجہ سعد رفیق اور انکے بھائی سلمان رفیق کی ضمانت سے متعلق فیصلے کیخلاف نیب کی جانب سے دائر اپیلوں پر سماعت کی ۔ سماعت کے آغاز پر نیب پراسیکیوٹر جہانزیب بھروانہ کی جانب سے التوا کی درخواست کی گئی ۔ اس دوران جسٹس مقبول باقر نے ریمارکس دیئے کہ نیب کی نظر ثانی اپیل 123 دن زائد المیعاد ہے،نیب کو نظر ثانی اپیل میں ملزمان کو ضمانت دینے پر تو کوئی اعتراض نہیں،نیب کا موقف تو صرف یہ ہے کہ عدالت کی آبزرویشنز حذف کی جائیں۔

دوران سماعت خواجہ برادران کے وکیل اشتر اوصاف نے موقف اپنایا کہ اگر نیب نے التوا ہی لینا تھا تو ہمیں پہلے بتا دیتے ہم لاہور سے آئے ہیں۔ جس پر جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی نے ریمارکس دیئے کہ اسلام آباد کا موسم اتنا اچھا ہے آپ اسے انجوائے کریں۔ عدالت عظمی نے نیب کی التوا کی درخواست منظور کر تے ہوئے معاملہ پر سماعت غیر معینہ مدت تک کے لیے ملتوی کر دی۔واضح رہے کہ عدالت عظمی نے پیرا گون ہاؤسنگ سوسائٹی کرپشن کیس میں مسلم لیگ ( ن) کے رہنماخواجہ سعدرفیق اور انکے بھائی خواجہ سلمان رفیق کی ضمانت منظور کی تھی۔ نیب نے فیصلے کیخلاف سپریم کورٹ میں نظر ثانی درخواستیں دائر کر رکھی ہیں۔