علماء کرام قرآن وسنت کی روشنی میں اصلاح معاشرہ ،عوام کی رہنمائی کا کردار ادا کریں،محمد حسین محنتی


کراچی/حیدرآباد(صباح نیوز)میر جماعت اسلامی سندھ و سابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہاہے کہ قرآن وسنت کی قیادت سے دوری کی وجہ سے آج امت مسلمہ بے شمار مسائل کا شکار، معاشرے میں بگاڑ اور معیشت تباہ ہے، علماء کرام منبر ومحراب کے پلیٹ فارم سے قرآن وسنت کی روشنی میں اصلاح معاشرہ اور عوام کی رہنمائی کا کردار ادا کریں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ الحرمین سعید آباد اور جامعہ منصورہ ہالا میں دارالافتاح میں تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔ڈائریکٹر فتویٰ کونسل اسلامی فقہ اکیڈمی مفتی مصباح اللہ صابر، مدیر جامعہ احسن بھٹو، مفتی ولی محمد سہتو، مفتی جلال الدین منصوری اور مولانا فقیر محمد منصوری نے بھی خطاب کیا۔

محمد حسین محنتی نے مزید کہا کہ دستور پاکستان میں واضح طور پر لکھا گیا ہے کہ تمام ملکی قوانین کو آہستہ آہستہ اسلام کے مطابق ڈھالا جائے گا مگر نصف صدی سے زائد عرصہ گذرجانے کے باوجود برسراقتدار آنے والے حکمرانوں نے اس پر عمل نہیں کیا جس کی وجہ سے ملک معاشی،سیاسی اور اخلاقی طور پر پیچھے چلاگیا ہے،بانی پاکستان قائد اعظم  نے اسلام وخوشحال پاکستان کا خواب دیکھا تھا مگر کرپٹ ودین بیزار قیادت نے سودی نظام معیشت، سیکولرازم، بے حیائی کے کلچر کو فروغ اور تعلیمی نظام سے بھی اسلام کے روح کو نکالا جارہا ہے، اسلامی فقہ اکیڈمی نے ملک بھر میں اپنا جال بچھایا ہوا ہے جو نہ صرف قرآن وسنت کی روشنی میں مسائل کو حل کرکے عوام کی رہنمائی بلکہ ایسے علماء تیار کررہی ہے جو قرآن وسنت کی روشنی میں عوام کو دینی وروزمرہ کے مسائل پر رہنمائی کریں گے۔

ڈائریکٹر اسلامی فقہ اکیڈمی پاکستان مفتی مصباح اللہ صابر نے کہا کہ اسلامی فقہ اکیڈمی ایک ادارہ نہیں بلکہ ایک دینی وفکری تحریک ہے، اب تک ہم ملک بھر میں 50دارالافتاح قائم کرچکے ہیں۔