الخدمت فاؤنڈیشن کے ایڈونچر کلب کے تحت محفوظ سیاحت میں ٹریفک قوانین کا کردار سیمینار کا انعقاد

لاہور(صباح نیوز)الخدمت فاؤنڈیشن کے ایڈونچر کلب کے تحت  محفوظ سیاحت  میں ٹریفک قوانین  کا کردار  سیمینار کا انعقادکیا گیا۔  سیمینار میں نائب صدر الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان ڈاکٹر مشتاق مانگٹ،سیکرٹری ایمرجینسی سروسز پنجاب  ڈاکٹر رضوان نصیر،ایس ایس پی سیکٹر کمانڈر عبدالرزاق، ایجوکیشن ونگ ہیڈ سٹی ٹریفک پولیس فہمیدہ ذیشان، معروف کوہ پیما کمال حیدر، شمائل سہگل،سی ای او مرینہ بوٹ کلب ہمایوں اختر، اسٹوڈنٹس کمیونٹی کے نمائندہ عثمان صادق، ایگزیکٹو ڈائریکٹر خبیب بلال، الخدمت ایڈونچر کلب کے ڈپٹی ڈائیریکٹر مکرم ترین، عبد اللہ محسن اور موٹروے پولیس، ریسکیو 1122، موٹرسائیکلسٹ کمیونٹی سمیت مختلف شعبہ یائے جات سے تعلق رکھنے والے خواتین و حضرات نے شرکت کی ۔

 سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر مشتاق مانگٹ نے کہا کہ اس پروگرام کا مقصد پاکستان میں سیاحت کو فروغ اور ٹریفک قوانین کے حوالے سے آگاہی دینا تھا۔ ان کا کہناتھا کہ انسانی زندگی میں سیاحت بہت اہم کردار ادا کرتی ہے اور انسانی نفسیات اور رویوں پر مثبت اثرات مرتب کرتی ہے ۔اگر سیاحت کے دوران ٹریفک قوانین کی پاسداری نا کی جائے تو حادثات اور سانحے جنم لیتے ہیں۔ اس لیے ہمیں چاہیے کہ ہم خود بھی ٹریفک قوانین پر عمل کریں اور دوسروں کو بھی اِس کی ترغیب دیں۔

اس موقع پر ڈاکٹر رضوان نصیر کا کہنا تھا کہ اگر آپ نے کسی بھی ملک کا نظم و ضبط  دیکھنا ہو تو اسکا ٹریفک سسٹم دیکھ لیں۔ ایکسیڈنٹ ہو جائے تو ہم  اپنی لا پرواہی کو نظر انداز کر کہ قسمت پر ڈال دیتے ہیں جبکہ ہمیں ان وجوہات پر نظر ثانی کرنے کی ضرورت ہے جن کی وجہ سے حادثہ پیش آیا۔انہوں نے کہا کہ ہمیں عوام کو  ٹریفک قوانین کی آگاہی دینے کی ضروریات ہے۔ آخر میں انہوں نے   الخدمت فاؤنڈیشن کی سیاحت کے حوالے سے کی جانی والی کاوشوں کو سراہا اور سمینار کی دعوت پر شکریہ ادا کیا۔