نگران وزیر خزانہ شمشاد اختر کے خلاف سندھ ہائیکورٹ میں درخواست پرسماعت13فروری تک ملتوی

کراچی (صباح نیوز)نگران وفاقی وزیر برائے خزانہ شمشاد اختر کے خلاف سندھ ہائیکورٹ میں درخواست پر سماعت 13فروری تک ملتوی کردی گئی ۔ڈیفنس ہائوسنگ اتھارٹی (ڈی ایچ اے)کے رہائشی عمر خالد نے دائر درخواست میں موقف اختیار کیا کہ شمشاد اختر وفاقی وزیر کے علاوہ دیگر اداروں کے بورڈز کی رکن بھی ہیں، اور مختلف اداروں سے مراعات لے رہی ہیں۔

درخواست کی سماعت کے دوران درخواست گزار کے وکیل عاصم اقبال ایڈووکیٹ نے کہا کہ شمشاد اختر کس قانون کے تحت ایسا کررہی ہیں وضاحت طلب کی جائے۔جس پر جسٹس جنید غفار نے کہا کہ وفاقی وزیر کی تقرری اگست میں ہوئی، آپ تاخیر سے عدالت میں آئے ہیں، ہم نوٹس کریں گے جب تک جواب آئے گا یہ کابینہ ختم ہوچکی ہوگی۔وکیل نے کہا کہ کابینہ ختم ہوگی لیکن قانون شکنی تو اپنی جگہ موجود رہے گی۔عدالت نے درخواست کی سماعت 13فروری کیلئے ملتوی کردی۔درخواست میں صدر مملکت، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن، کابینہ ڈویژن، سٹاک ایکسچینج، سوئی سدرن گیس کمپنی اور دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔