خوشحالی کے لئے باصلاحیت،ایماندار قیادت کی ضرورت ہے۔ امیر العظیم

لاہور(صباح نیوز) سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان امیر العظیم اور ڈیفنس سرکل کے صدر ذکی الدین شیخ نے کہاہے کہ پاکستان کو خوشحال بنانے کے لئے نڈر،بیباک، باصلاحیت اور ایماندار قیادت کی ضرورت ہے۔ایسی قیادت صرف جماعت اسلامی کے پاس ہے۔اب حقیقی تبدیلی کی ہوا چل پڑی ہے اور باشعور لوگ جوک درجوک جماعت اسلامی میںشمولیت اختیار کررہے ہیں۔ لوگ جھوٹے وعدے کرنے والی سیاسی پارٹیوں سے نجات چاہتے ہیں۔ قوم کو سمجھ آ چکی ہے اسلامی نظام میں ہی ہماری فلاح ہے۔سودی نظام نے ملکی معیشت تباہ کی. سودی نظام اللہ اور اس کے رسول ۖ سے جنگ ہے ۔76سالوں میں بننے والی تمام حکومتوں نے سودی نظام کو تحفظ دیا ۔جماعت اسلامی سودی نظام کاخاتمہ کرے گی اور ملک کو خوشحال بنانے کے لئے اللہ اور اس کے رسول ۖ کا نظام لائے گی۔اہل لاہور جاگ گئے ہیں اور جب لاہور جاگے گا تو ملک بدلے گا، پاکستان ایک ایسا ملک بنے گا جو خوشحال ہو گا، جہاں امن ہو گا، جہاں اسلامی قانون چلے گا۔ عوام جمااعت اسلامی کو ووٹ دے کر کامیاب کرائے تو ان مسائل گھر کی دہلیز پر حل کریں گے۔ موجودہ الیکشن میں بھی وہی لوگ جھوٹے وعدے کر رہے ہیں جو عرصہ دراز سے عوام پر مسلط ہیں، خاندانوں کی حکمرانی چاہنے والے ملک میں جمہور کی حکمرانی نہیں چاہتے، باریاں لگانے والوں کی باری ختم، اب عوام کی باری آئے گی۔قوم ملک کو معاشی بحران سے نکالنے کے لیے ترازو کاانتخاب کرے، ۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے جماعت اسلامی ڈیفنس سرکل کے زیرا ہتمام تقریب کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں دوسری سیاسی پارٹیوں سے تعلق رکھنے والے رہنمائوںنے ساتھیوں سمیت جماعت اسلامی میں شمولیت اور جماعت اسلامی کے امیدواروں کی مکمل سپورٹ کا اعلان کیا۔تقریب سے پی پی 157سے امیدوار صوبائی اسمبلی محمد عرفان مغل اور پی پی 156سے امیدوار صوبائی اسمبلی میاں خبیب نذیر اور این اے 122سے امیدوار ڈاکٹر زیبا وقار نے بھی خطاب کیا۔