ایوان صدر میں آصف زرداری کی تصویریں لگتی نظر آ رہی ہیں،فیصل واوڈا

کراچی(صباح نیوز)سابق وفاقی وزیر اور پاکستان تحریک ا نصاف کے سابق رہنما فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ ایوان صدر میں آصف زرداری کی تصویریں لگتی نظر آ رہی ہیں ،مسلم لیگ ن کی سیٹیں 100 سے بھی کم ہوں گی، جیسے بکرا منڈی میں بھاؤلگتا ہے، یہاں آزاد امیدواروں کا بھاؤبھی لگے گا۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر اللہ کی طرف سے معجزہ ہوگا تو آنے والی حکومت 2 سال چلے گی، ورنہ گیارہ، بارہ مہینے رہے گی۔ کھلاڑی اور بڑے کھلاڑی دونوں کا بھاؤ لگے گا، جو اچھا بھاؤلگائے گا، وہ میدان میں آئے گا، اس کے ساتھ مال لپیٹے گا۔

فیصل واوڈا نے کہا کہ حکومت گیارہ ماہ تک چلنی ہے تو پی ڈی ایم 2 نہیں بنے گی لیکن پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن)اکٹھے نہیں بیٹھیں گی۔ جیتنے والے آزاد ارکان ہی حکومت کا فیصلہ کریں گے۔

سابق پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ سابق صدر آصف زرداری کے بغیر آئندہ حکومت چلانا بہت مشکل ہوگا۔ سیاسی بورڈ پر تو آصف زرداری ماہر ہیں، ایوان صدر میں ان کی تصویریں لگتی نظر آ رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ آصف زرداری کو کہا گیا کہ ایکسپائرڈ لیڈرز ہیں، زرداری نے کہا کہ ان کا بیٹا اور آپ جیسے جوان لوگ ہیں، ملک آگے چلائیں۔ اس گیم میں ایکسپائر ہونا بہت ضروری ہے لیکن بد قسمتی سے ایسا نہیں۔

فیصل واوڈا نے مزید کہا کہ تین چار خود ساختہ ہیرو ہیں، ان کو تبدیل ہی نہیں کیا جا رہا۔ مسئلہ یہ ہے کہ ولن ایک ہی ہے، ہیرو تبدیل کئے جا رہے ہیں۔ آزاد امیدوار کو توڑنے کی ضرورت نہیں، وہ ہوا کے رخ کا تعین کریں گے۔