تنقید مہنگی پڑ گئی، رکن قومی اسمبلی نور عالم کو شوکاز نوٹس


اسلام آباد (صباح نیوز) پاکستان تحریک انصاف نے پارٹی رہنمائوں پر تنقید پر اپنے رکن قومی اسمبلی نور عالم کو شوکاز نوٹس جاری کردیا ۔

پی ٹی آئی رکن اسمبلی نور عالم خان کی اپنی ہی حکومت کے خلاف بیان بازی پر تحریک انصاف کی سینئر قیادت نے نوٹس لے کرشوکازنوٹس جاری کردیا ہے ۔شوکاز نوٹس پی ٹی آئی کے پی کے صدر پرویزخٹک نے جاری کیا، جس میں کہا گیا ہے کہ پارٹی امور بارے تحفظات پارٹی اجلاس میں پیش کیے جانے چاہئیں، عوامی فورم پارٹی بارے تحفظات ظاہر کرنے کی مناسب جگہ نہیں۔

واضح رہے کہ قومی اسمبلی میں منی بجٹ بل پیش کرنے سے پہلے وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا تھا، جس میں خود وزیردفاع پرویز خٹک اور وزیراعظم عمران خان کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا تھا، جبکہ اجلاس میں رکن اسمبلی نور عالم نے بھی سخت سوالات کیے اور کہا کہ کیا اسٹیٹ بینک کی خودمختاری سے سلامتی کے ادارے تو متاثر نہیں ہوں گے؟ کیا ہم سلامتی کے اداروں کے اکاؤنٹ کی تفصیلات بھی آئی ایم ایف کو دیں گے؟۔ جس پر وزیراعظم نے جواب دیا کہ واضح کرنا چاہتا ہوں کہ ملکی مفاد پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، سلامتی اداروں کا تحفظ ہر صورت یقینی اور پہلی ترجیح ہے۔ نور عالم نے دوبارہ کہا کہ ہمیں حلقوں میں لوگ کہتے ہیں گیس بجلی پانی دیں، کیا منی بجٹ سے ہمیں گیس بجلی و پانی ملے گا۔