اسلام آباد(صباح نیوز)جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیرگلگت بلتستان کے امیر ڈاکٹر محمد مشتا ق خان نے اعلان کیا ہے کہ جماعت اسلامی 5جنوری یوم حق خودارادیت کے طور پر پوری دنیامیں منائے گی۔دنیا میں جہاں بھی کشمیری مقیم ہیں وہ اس دن کو سیاسی وبستگیوں سے بالاترہوکر منائیں۔پوری کشمیری قوم حق خودارادیت کے ون پوائنٹ ایجنڈے پر متفق اور متحد ہے کشمیری حق خود ارادیت اور وحدت کشمیر پر کوئی کمپرومائز نہیں کریں گے، ہندوستان کشمیریوں کے بنیادی اور پیدائشی حق خودارادیت کو دینے سے انحراف کرکے اقوام متحدہ کے چارٹر اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کی سنگین خلاف ورزی کا مرتکب ہورہاہے ،حق خودارادیت انسانوں کا بنیادی اور پیدائشی حق ہے یہ کوئی چھین نہیں سکتا
ان خیالات کا اظہار انھوں نے مرکزی ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا،مرکزی ذمہ داران کے اجلاس میں سابقہ کام کا جائزہ لیا گیا اور آئندہ کے اہداف طے کیے گئے۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی ڈاکٹر محمد مشتاق خان نے کہا آزاد کشمیر حکومت مودی کے ظالمانہ اور متعصبانہ اقدامات کے تدارکے لیے اقدامات کرے۔انھوں نے جماعت اسلامی کے کارکنان کو ہدایت کی کہ وہ 5جنوری حق خودارادیت بھرپور انداز سے منائیں پوری دنیا کو متوجہ کریں اس حوالے سے سیمینارز کانفرنسز اور مظاہروں کے ذریعہ ہندوستان کے مظالم بے نقاب کریں،انھوںنے کہاکہ کشمیریوںنے آزادی کے لیے پانچ لاکھ نوجوان قربان کیے ہیں وہ آزادی سے کم کوئی حل قبول نہیں کریںگے۔