شمالی وزیرستان،پنجاب سے آکر حجام کی دکانیں چلانے والے 6 افراداغواء کے بعد قتل


 میر علی(صباح نیوز)شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی بازار میں نامعلوم افرادنے حجام کی دکانیں چلانے والے6افراد کو اغواء کے بعد قتل کر دیا ۔

پولیس کے مطابق جاں بحق افراد میر علی بازار میں حجام کی د کانیں چلا رہے تھے، تمام افراد کا تعلق پنجاب سے بتایا جاتا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولین کو رات کو نامعلوم افراد نے اغوا کیا تھا اور منگل کی صبح میرعلی بازار کے علاقے موسکی سے لاشیں برآمد ہوئیں۔

ذرائع کے مطابق قتل کیے گئے افراد پیشے کے لحاظ سے حجام تھے اور مقتولین کی میر علی بازار میں ہیئر کٹنگ کی دکانیں تھیں ، جو پنجاب سے یہاں آکر کام کررہے تھے۔ لاشوں کو میرعلی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔پولیس نے جائے وقوع سے شواہد اکٹھے کرنے کے بعد مختلف پہلوؤں کے پیش نظر تحقیقات شروع کردی ہے۔