جماعت اسلامی بر سر اقتدار آکر سرکاری مراعات اور پروٹوکول کلچر کو ختم کرے گی ۔ محمد جاوید قصوری

لاہور (صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن عام انتخابات کے حوالے سے سیاسی جماعتوں کے تحفظات کو دور کرے ۔ آئین کی بالادستی کے بغیر ملک آگے نہیں بڑھ سکتا، ضرورت اس بات کی ہے کہ تمام اسٹیک ہولڈر، سیاسی جماعتیں اور مقتدر حلقے ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھیںاور ایک دوسرے کے وجود کو تسلیم اوراپنی آئینی و قانونی حدود میں رہتے ہوئے کام کریں۔25کروڑ عوام کو اپنے حقیقی نمائندے منتخب کرنے کا موقع ملنا چاہئے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ سیاسی و معاشی عدم استحکام کے خاتمے کیلئے آزادانہ اور غیر جانبدارانہ انتخابات وقت کا تقاضا ہے ۔پی ٹی آئی ، پی ڈی ایم اور موجودہ نگران حکومت نے آئی ایم ایف کی غلامی میں تمام حدود کو پامال کر دیا ہے۔ملکی ترقی و خوشحالی کے لئے انتقامی سیاسی کارروائیوں سے باہر نکلنا ہو گا ۔ ملک وقوم کو آگے لے کر جانا ہے تو پہلے سیاسی استحکام ناگزیر ہو چکا ہے ۔مہنگائی ،بے روزگاری اور کرپشن و لوٹ مار نے قوم کو بد حال کر دیا ہے ، اقتصادی بحران جنم لے رہا ہے اگر حالات پر قابو نہ پایا گیا تو معیشت کو سنبھالنا مشکل ترین ہو جائے گا ۔

انہوں نے کہا کہ داخلی انتشار اور اضطراب کی کیفیت ترقی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے ۔ معاشی بحرانوں سے نجات حاصل کرنے کیلئے سیاسی اختلافات کو بھلا کرقومی مفادات کو مدنظر رکھا جائے ۔ عوام کا کوئی پرسان حال اور والی وارث نہیں ہے ۔ ملک و قوم اس وقت نازک دور سے گزر رہے ہیں ۔ تینوں بڑی جماعتوں نے قوم کو گمراہ کیا ہے ۔ ان کے پاس عوام کی فلاح و بہبود کا کوئی منصوبہ نہیں ۔

محمد جاوید قصوری نے مزید کہا کہ پہلے ہی عوام مہنگائی کے ہاتھوں تنگ آکر خودکشیاں کر رہے ہیں رہی سہی کسر حکمرانوں کے ان عاقبت نا اندیش فیصلو ں نے پوری کر دی ہے ۔ حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے کی بجائے بجلی ، گیس ، پٹرول ، اشیا ء خوردونوش کی قیمتوں میں اضافہ کر رہی ہے ۔عوام کے خون پسینے کی کمائی حکمران ٹولہ اپنی عیاشیوں میں لوٹا رہا ہے ۔سرکاری مراعات اور پروٹوکول کلچر کو ختم کرنا ہو گا اور یہ کام صرف اور صرف جماعت اسلامی ہی کر سکتی ۔ قوم ہمار ا ساتھ دے توہم بر سر اقتدار آ کر اسلامی فلاحی طرز پر حکومت قائم کریں گے