اسلام آباد(صباح نیوز)سپریم کورٹ آف پاکستان میں فیض آباد دھرنا کیس کے حوالہ سے دائر نظرثانی درخواستیں سماعت کے لئے مقرر کردی گئیں ۔ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں جسٹس امین الدین خان اور جسٹس اطہر من اللہ پر مشتمل تین رکنی بینچ آج (بدھ کو)صبح 9:30پرسماعت کرے گا۔ کیس کی سماعت کے حوالہ سے سپلیمنٹری کاز لسٹ جاری کی گئی ۔
عدالت عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد اور حکومت پاکستان کی جانب سے سیکرٹری وزارت دفاع کے توسط سے دائر درخواستوں پر سماعت کرے گی۔ عدالت نے گزشہ سماعت پر حکومت کی جانب سے انکوائری کمیٹی کے قیام کو مسترد کردیا تھا جس کے بعد اٹارنی جنرل بیرسٹر منصور عثمان اعوان نے عدالت کو بتایا تھا کہ وہ حکومت کو انکوائری کمیشن کے قیام کی تجویز دیں گے تاہم تاحال انکوائری کمیشن کے قیام کے حوالہ سے کوئی باضابطہ نوٹیفکیشن حکومت پاکستان کی جانب سے جاری نہیں کیا گیا۔
جبکہ شیخ رشید کی جانب سے دائر نظرثانی درخواست پر کوئی وکیل پیش نہیں ہوا تھا جس پر عدالت نے ایڈووکیٹ آن ریکارڈ مہر خان ملک کو ہدایت کی تھی کہ وہ شیخ رشید سے رابطہ کرکے انہیں کیس کی سماعت اور نیا وکیل کرنے کے حوالے سے آگاہ کریں۔ شیخ رشید کے پہلے وکیل امان اللہ کنرانی نے بطور نگران وزیر قانون بلوچستان حلف اٹھا لیا تھا جس کی وجہ سے عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔ واضح کہ کیس میں متعدد درخواست گزاروں کی جانب سے نظرثانی درخواستیں دائر کی گئی تھیں جو کہ واپس لے لی گئی ہیں اور اب صرف دونظرثانی درخواستیں باقی بچی ہیں۔