بیجنگ (صباح نیوز)چین میں پاکستان کے نئے سفیر خلیل ہاشمی نے بیجنگ پہنچنے کے بعد اپنی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔ سفیر خلیل ہاشمی ایک کیریئر ڈپلومیٹ ہیں، چین کی وزارت خارجہ کے ایشیا ڈیپارٹمنٹ کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل ژانگ مائومنگ نے آمد پر ان کا استقبال کیا۔ پیر کو جاری ایک پریس ریلیز کے مطابق پاکستان کے نئے سفیر خلیل ہاشمی نے معین الحق کی جگہ ذمہ داری سنبھالی ہے جو ماہ رواں کے اوائل میں ریٹائرمنٹ پر پاکستان واپس آئے تھے۔
چین میں اپنی پہلی سرکاری مصروفیت میں سفیر خلیل ہاشمی نے پیر کو اپنی اسناد کی کاپی پروٹوکول ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر جنرل ہانگ لی کو پیش کی۔ انھوں نے دونوں ممالک کی دیرینہ روایت کو مدنظر رکھتے ہوئے پرتپاک استقبال پر چین کی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے 2008 سے 2010 تک بیجنگ میں اپنے سابقہ دور کی یاد تازہ کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان پہلے سے مضبوط تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ ڈائریکٹر جنرل ہانگ نے نئے سفیر کی کامیاب مدت کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور انہیں مکمل تعاون کا یقین دلایا۔
خلیل ہاشمی ایک سینئر پاکستانی سفارت کار ہیں جو دو طرفہ اور کثیر جہتی تعلقات میں 29 سال کا تجربہ رکھتے ہیں۔ چین آمد سے قبل انہوں نے نومبر 2019 سے جنیوا میں اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل نمائندے کے طور پر خدمات انجام دیں۔نائب مستقل نمائندے کے علاوہ دو مرتبہ نیویارک میں پاکستان کے مستقل مشن میں بھی کام کر چکے ہیں۔ خلیل ہاشمی نے 1994 میں پاکستان فارن سروس میں شمولیت اختیار کی، ان کی پہلی سفارتی ذمہ داری 1999 سے 2002 تک کوپن ہیگن میں پاکستانی سفارت خانے میں تھی۔ اسلام آباد میں وہ اقوام متحدہ، یورپی ریجن اور آرمز کنٹرول ڈویژنز کے ڈائریکٹر جنرل کے علاوہ جنوبی ایشیا، بھارت اور تخفیف اسلحہ کے ڈائریکٹوریٹ کے ڈائریکٹر کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔۔