اسلام آباد(صباح نیوز)ازبکستان کے نائب وزیر اعظم ڈاکٹر جمشید خدجایف پیر کو دو روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے۔ وزارت تجارت کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق نگران وفاقی وزیر برائے تجارت ڈاکٹر گوہر اعجاز سمیت اعلی حکام نے نائب وزیر اعظم ڈاکٹر جمشید خدجایف کا نور خان ائیر بیس پر استقبال کیا ۔
اپنے دورے کے دوران ڈاکٹر جمشید خدجایف نے نگران وفاقی وزیر ڈاکٹر گوہر اعجاز سے ملاقات کی۔اس موقع پر ازبکستان کے نائب وزیر اعظم نے کہا کہ ان کے حالیہ دورے کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کو فروغ دینا ہے ۔
ڈاکٹر گوہر اعجاز نے ملاقات میں کہا کہ پاکستان اور ازبکستان کے درمیان کئی سالوں سے قریبی اقتصادی تعلقات قائم ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت گزشتہ تین سالوں میں 27 ملین امریکی ڈالر سے بڑھ کر 126 ملین امریکی ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔جو کہ اب بھی اپنی حقیقی قدر سے بہت کم ہے اور اس میں اضافے کے لیے کوششیں کی جارہی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر خدجایف کے دورے سے پاکستان اور ازبکستان کے درمیان دو طرفہ تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو مزید تقویت ملے گی۔۔