جماعت اسلامی سندھ کا 28 نومبر کو سکھر میں انتخابی کنونشن سے سندھ میں انتخابی سرگرمیاں شروع کرنے کا اعلان

کراچی((صباح نیوز)جماعت اسلامی سندھ نے 28 نومبر کو سکھر میں انتخابی کنونشن کر کے سندھ میں انتخابی سرگرمیاں شروع کرنے کا اعلان کر دیا۔ کنونشن کی صدارت امیرجماعت اسلامی سراج الحق کریں گے جبکہ صوبائی وقومی اسمبلی کے مردوخواتین نامزد امیدوار شرکت کریں گے۔ جماعت اسلامی کسی سے اتحاد نہیں بلکہ اپنے منشور اور نشان کے تحت انتخابات میں حصہ لے گی جو اتحاد سندھ میں بننے جا رہے ہیں انکو عوامی مسائل سے کوئی دلچسپی نہیں جوصرف اپنے مفادات کے اسیر ہیں۔وہ اس سے پہلے پی ڈی ایم حکومت میں بھی ایک ساتھ تھے اور کئی دہایوں سے ایک ساتھ حکومت میں شامل ہو کر سندھ کے وسائل کی لوٹ مار کرتے رہے ہیں۔ ان سے کسی خیر کی امید فضول ہے۔ جماعت اسلامی میدان خالی نہیں چھوڑے گی۔ سندھ کے عوام کو مخلص واہل اور دیانتدار قیادت منتخب کرنے کا موقع دے گی۔

ان خیالات کا اظہار جماعت اسلامی سندھ کے امیرمحمد حسین محنتی نے  قباء آڈیٹوریم میں منعقدہ ایک روزہ امراء اضلاع کے اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔اجلاس میں کراچی تاکشمور سندھ بھر سے ضلعی  امراء اوربرادرتنظیمات کے صوبائی ذمہ داران بھی شریک تھے۔  صوبائی امیر نے مزید کہا کہ مسئلہ فلسطین کی وجہ سے امت مسلمہ سمیت پوری دنیا میں آج بیداری کی ایک لہر ہے۔ جہادد تا قیامت جاری وساری رہے گا۔ حماس اور اہل فلسطین نے جہادد کو زندھ کیا ہے۔پاکستان کا بچہ بچہ ان کے ساتھ اور ان کی  استقامت وجدوجہد کو سلام پیش کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں 8 فروری ایک معرکہ کا دن ہ جو کہ غزہ جیسا معرکہ ہے اسلئے ذمہ داران الیکشن کے معرکہ کو سر کرنے اور تحریک کا پیغام گھر گھر پہنچانے کے لئے عوامی رابطہ کے جنتے بھی راستے ہیں ان کو استعمال کریں۔ انہوں نے کہا کہ فرسودہ نظام اور حرام خور قیادت کی وجہ سے خوشحال سندھ کے عوام کو پتھر کے دور میں دھکیل دیاگیاہے۔ عوام اب جاگیردار ٹولہ ، فرسودہ نظام اور نااہل قیادت سے نجات اور اسلام کا عادلانہ نظام وخوشحال سندھ دیکھنا چاہتے ہیںتو وہ پھرانہیں 8 فروری کو اہل دیانتدار ومخلص قیادت کا انتخاب کرنا ہوگا اجلاس میں سندھ کی سیاسی صورتحال ، انتخاب تیاریوں کا جائزہ ، کارکردگی سمیت دیگر دعوتی وتنظیمی امور کا جائزہ لیا گیا۔