فلسطینیوں کی غزہ میں نسل کشی اور اسرائیلی صیہونی انسانیت کش جارحیت روکی جائے، لیاقت بلوچ


راولپنڈی (صبا ح نیوز)نائب امیرجماعت اسلامی سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے جماعت اسلامی راولپنڈی کے ضلعی اجتماع ، مجلس وحدت مسلمین کے زیراہتمام فلسطین مارچ اور سیاسی انتخابی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل کی امریکہ ،برطانیہ اور یورپی ممالک سے غزہ میں فلسطینیوں کی جاری نسل کشی مہم نے مسلم حکمرانوں کو بے نقاب کر دیا ہے اورتمام مسلم ممالک کی فوجی ، ایٹمی صلاحیت پر سنجیدہ سوالات کھڑے کر دیئے ہیں۔ عالم اسلام میں عوام بیدار ہیں ، مظلوم فلسطینیوں کی حمایت میں سڑکوں پر ہیں، دنیا بھر میں جمہوریت ،انسانیت اور عالمی قوانین کا درد رکھنے والے غیر مسلم بھی فلسطینیوں کی حمایت اور اسرائیلی صیہونی امریکی ، یورپی حکمرانوں کے خلاف سراپا احتجاج ہیں۔ اوآئی سی سربراہی کانفرنس نے موثر اقدامات سے گریز کر کے بڑی تباہی کی بنیاد رکھ دی ہے۔ او آئی سی سربراہی اجلاس دوبارہ بلایا جائے، کمزور موقف اور موثر اقدامات سے گریز کا ازالہ کیا جائے وگرنہ مسلم حکمرانوں کی بے حسی پورے عالم اسلام میں مسلم بہار(Muslim Spring) کا دور لائے گی۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ فلسطینیوں کی غزہ میں نسل کشی اور اسرائیلی صیہونی انسانیت کش جارحیت روکی جائے، غزہ میں انسانی امداد ، خوراک ، پانی ، ایندھن ، طبی امداد بلا تعطل فراہم کی جائے۔ مسئلہ فلسطین صرف فلسطینیوں کے حق آزادی کی بنیاد پر حل ہونا چاہیئے۔ اسرائیل صیہونیت کی ناجائز ریاست ہے ، امریکہ ، برطانیہ کا ناجائز بچہ ہے۔ اسرائیل کے ناجائز ناپاک وجود کا خاتمہ عالمی امن کے لئے ناگزیر ہے۔ پوری دنیا آگاہ رہے کہ ملت اسلامیہ کا ہر فرد، نوجوان، خواتین قبلہ اول بیت المقدس کی آزادی کی خاطر جہاد اور شہادت کے لئے تیار ہے۔ 19 نومبر2023 کو غزہ مارچ تاریخ ساز مظاہرہ ہو گا۔ لیاقت بلوچ نے سیاسی انتخابی کنونشن سے خطاب میں کہا کہ پی پی پی ، مسلم لیگ ، پی ٹی آئی چلے ہوئے کارتوس ہیں، اقتدار میں ان کی نااہلی ، ناکامی، کرپشن ، بدانتظامی اور ملک کو بحرانوں میں مبتلا کرنے والیامور حکمرانی نے ان کو بے نقاب کر دیا ہے۔ جماعت اسلامی پاکستانی ملت کو انتخابات 2024 میں منظم اور متحرک کرے گی۔ جماعت اسلامی کا انتخابی نشان ترازو عدل وانصاف اور جیت کا نشان بنے گا۔ کارکنان دِل وجان سے پاکستان کو اسلامی خوشحال مستحکم پاکستان بنانے کی تحریک کا حصہ بن جائیں۔۔