جماعت اسلامی کی قیادت نے اسلامی پاکستان خوشحال پاکستان کا خواب آنکھوں میں سجایا ہے -دردانہ صدیقی

لاہور(صباح نیوز) حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان کی سیکرٹری جنرل دردانہ صدیقی نے  کہا ہے کہ جماعت اسلامی زندہ  پیغام رکھنے والی تحریک ہے۔روز اول سے جماعت اسلامی مشن نبوی کے مطابق نظام قائم کرنے کی خواہاں ہے- جماعت  اسلامی کا وژن تزکیہ نفس سے تزکیہ نظام پر محیط ہے۔

ان خیالات کا اظہار حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان کی سیکرٹری جنرل دردانہ صدیقی نے منصورہ میں مرکزی رپورٹ اجلاس سے خطاب کے دوران کیا -انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی عزم واستقلال کے ساتھ ہر دور میں کھڑی رہی ہے ۔جماعت اسلامی جعلی نظام کو بدلنا چاہتی ہے ۔ مشاورت ،رہنمائی،محاسبہ ہمارے تنظیمی نظام کا حسن ہے جماعت اسلامی کی قیادت نے اسلامی پاکستان خوشحال پاکستان کا خواب آنکھوں میں سجایا ہے ۔انہوں نے مذید کہا کہ دور حاضر میں میڈیا کی یلغار  ذہنی وفکری انتشار کا باعث بن رہی ہے ۔ان حالات میں قرآن وحدیث، لٹریچر سے منسلک رہنا دور دجل سے حفاظت کا سب سے بڑا سہارا ہے ۔دشمن کے لیے سب سے بڑا چیلنج اسلام کا سیاسی نظام ہے اسی لیے باطل خوان نعمت کی طرح امت مسلمہ پر ٹوٹ پڑا ہے ۔فلسطین کا دکھ اہل اسلام کو راتوں کو سونے نہیں دیتا ۔اب فلسطین میں صہیونیت کھل کر سامنے آگئی ہے مگر بے حس حکمران اشرافیہ ایک صف میں کھڑے ہیں۔اور عوام الناس دوسری صف میں کھڑے سراپا احتجاج ہیں ۔

دریں اثناء سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم کی روشنی میں قیادت کی اہمیت کے عنوان پر خطاب کرتے ہو ئے نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان راشد نسیم نے کہا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم  عالم انسانیت کے لئے رہتی دنیا تک ہمہ پہلو روشن چراغ ہیں  انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اور دیگر پارٹیوں میں فرق حاکمیت الہیہ کے قیام کا ہے -ہماری کامیابی و ناکامی کا معیار سیرت طیبہ اور نصب العین سے وابستہ ہے۔انہوں نے یاد دلایا کہ قیادت  کا اولین کام لوگوں کو مایوسی سے بچا کر عزم و امید کی طرف لے جانا ہیاور نگاہ بلند ۔سخن دلنواز ۔جاں پرسوز قیات کے بنیادی اوصاف ہیںرپورٹ اجلاس میں صوبوں اور مرکزی شعبہ جات کی سالانہ رپورٹس پیش کی گئیں اور ان پر تبصرہ کیا گیا-