کراچی(صباح نیوز)امیرجماعت اسلامی سندھ وسابق رکن قومی اسمبلی محمد حسین محنتی نے 8فروروی کوملک میں ہونے والے عام انتخابات میں تمام جماعتوں کو برابر لیول پلینگ فیلڈ فراہم کرنے پرزوردیتے ہوئے کہا ہے کہ کرپشن کے خاتمے اور دیانتدار قیادت کو آگے لائے بغیر ملک وقوم کی تقدیر میں بدل سکتی ہے۔ حکومت اور پائلٹ کی تبدیلی کے باوجود مہنگائی کم ہونے کا نام ہی نہیں لے رہی ہے جو کہ فرسودہ نظام اور حکمرانوں کی ناکام معاشی پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔ جماعت اسلامی ایک دینی وانقلابی جماعت ہے جو انسانوں کی دنیاکے ساتھ آخرت کی کامیابی کے لئے بھی کوشاں ہے۔پیپلزپارٹی کی مال ودولت کی لالچ اور دھونس ودھاندلی کے باوجود گڈاپ میںجماعت اسلامی کے کارکنان کا ڈٹے رہنا اور ضمنی بلدیاتی انتخابات میں ثابت قدمی کے ساتھ بھرپور مقابلہ کرناقابل تحسین ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے امینیہ مسجد گڈاپ سٹی میں کارکنان کے اجتماع سے خطاب کے دوران کیا جس میں گڈاپ 4 یوسی ون وارڈنمبر 4 کے ضمنی بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے والے ذمے داران بھی بڑی تعداد میں موجود تھے۔ اجتماع سے امیر ضلع عرفان احمد ، قیم ابوالخیر ملک ، ذیشان احمد، پروفیسر محمد علی بلوچ سومار برفت ودیگر نے بھی خطاب کیا۔ مہمانوں کو سندھ کا روایتی تحفہ اجرک بھی پیش کیا گیا۔ صوبائی امیر نے مزید کہا کہ پیپلزپارٹی پہلے بڑی مقبول عوامی جماعت تھی مگر اب یہ وڈیروں و جاگیرداروں کی جماعت بن چکی ہے لیاری کی طرح گڈاپ کے عوام نے بھی ان کو بھرپورووٹ دیئے مگربدلے میں ان کو پانی صحت تعلیم سمیت زندگی کی بنیادی سہولتوں سے بھی محرورم کر دیا گیا ہے۔
کراچی سے چند کلو میٹر کے فاصلے پر گڈاپ کا علاقہ تھر اور غریب وافلاس کی عملی تصویر بنا ہوا ہے۔ پیپلزپارٹی سندھ میں 15 سال سے تسلسل کے ساتھ اقتدار میں رہی ہے۔ مگر اس نے گڈاپ کے عوام کے لئے کچھ نہیں کیا ہے کوئی منصوبہ منظوربھی ہوئے توصرف وڈیروں کو نوازاگیاجو کہ ان کی نااہلی اور عوامی مسائل ومشکلات سے عدم دلچسپی کامنہ بولتاثبوت ہے۔جماعت اسلامی اقتدار میں نہ ہوتے ہوئے بھی گڈاپ کے لوگوں کے لیے تعلیم صحت صاف پانی اور روزگار کے لئے کوشش کر رہی ہے۔ امیر ضلع گڈاپ عرفان احمد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ظالم حکمرانوں کو آئینہ دکھا کر کلمہ حق کہنا سب سے بڑا فریضہ ہے۔ گڈاپ کے کارکنان نے وقت کے وڈیروں وجاگیرداروں کا مقابلہ اور ان کے سامنے حق کا پرچم بلند کر کے بڑا کارنامہ سرانجام دیا ہے انشاء اللہ ظلم کا سیاہ دور ختم اور حق کی صبح روشن ضرور ہوگی۔#