لاہور(صباح نیوز)نائب امیر جماعت اسلامی راشد نسیم جماعت اسلامی حلقہ خواتین صوبہ پنجا ب وسطی کی نشست سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 7اکتوبر کے بعد دنیا اور تاریخ کا دھارا مڑ گیا ہے، یہودی ہولوکاسٹ کو یاد رکھتے ہیں جس کے دوران ہٹلر نے ان کا بے دریغ قتل کیا۔ 7اکتوبر کے بعد ایک اخلاقی ہولوکاسٹ کا واقعہ رونما ہوا جس میں درد دل رکھنے والی انسانیت کے نزدیک اسرائیل اور یہودیوں کی اخلاقی موت واقع ہو گئی۔ دنیا میں لاکھوں انسان سڑکوں پر ہیںاور ضمیر کی آواز کے مطابق یہودی ظلم و ستم اور اخلاقیات سے گری حرکات پر احتجاج کر رہے ہیں۔
دوسری جانب 7اکتوبر کے بعد امت ایک ہو گئی ہے۔ پاکستان سے لے کر مراکش تک تمام اہل اسلام فلسطینیوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں مغربی دنیا بھی ایکسپوز ہو گئی، ان کے جمہوریت کے پیمانے کھل کر سامنے آ گئے، ثابت ہو گیا کہ مغرب کے ہاں اخلاقیات کا کوئی اصول موجود نہیں۔ اس پہلو سے دنیا نے ایک زبردست موڑ لیا، انسانیت دوراہے پر کھڑی ہے اور حق غالب آئے گا۔ انھوں نے کہا کہ امت کو چاہیے کہ اسرائیلی مصنوعات کا بائیکاٹ کرے، اللہ سے مدد کی درخواست کرے اور اہل فلسطین کی امداد کے لیے دل کھول کر عطیات دے۔ ناظمہ صوبہ ربیعہ طارق بھی اس موقع پر موجود تھیں۔