فلسطینی بچوں سے یکجہتی ،جماعت اسلامی کے تحت کراچی کے ”بچوں کا غزہ مارچ” کل(بدھ کو) ہوگا

کراچی(صباح نیوز)جماعت اسلامی کے تحت اسرائیل کی جارحیت و دہشت گردی کے شکار اہل فلسطین بالخصوص بچوں سے اظہار یکجہتی کے لیے بدھ 8نومبر کو صبح 10بجے شاہراہ قائدین پرکراچی کے ”بچوں کا غزہ مارچ” منعقد ہوگا ،مارچ کی تمام تیاریاں اور انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں ،مارچ میں شہر بھر سے مختلف نجی وسرکاری اسکولوں کے طلبہ و طالبات اور بچے اور بچیاںلاکھوں کی تعداد میں شریک ہوں گے ،جماعت اسلامی کے تحت ”بچوں کے غزہ مارچ” کو بھر پور اور کامیاب بنانے کے لئے بڑے پیمانے پر انتظامات کیے گئے ہیں ،تمام اضلاع میں اسکولوں کی انتظامیہ کے تعاون سے بچوں کو لانے اور لے جانے کا اہتمام کیا گیا ہے ،شاہراہ قائدین پر بچوں اور بچیوں کے لئے الگ الگ ٹریک مختص کئے گئے ہیں ،جن کے ساتھ اسکولوں کی خواتین اساتذہ کی معاونت بھی حاصل کی گئی ہے ،بچوں کے ساتھ اسکولوں کے مرد و خواتین اساتذہ بھی شریک ہوںگے ،

امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن بچوں کے غزہ مارچ سے خصوصی خطاب کریں گے ۔اللہ والی چورنگی پر ایک بڑا اسٹیج تیار کیا گیا ہے ،نورانی چورنگی اور شاہراہ قائدین پر ٹریفک کنٹرول کرنے اور پارکنگ کے لیے بھی خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں ،ٹریفک کنٹرول کی ذمہ داری ضلع قائدین اور پارکنگ کی ذمہ داری ضلع شرقی کے سپرد کی گئی ہے ،فوری طبی امداد کے لیے میڈیکل کیمپ اور ڈاکٹروں کی ذمہ داری بھی لگائی گئی ہے ،مارچ کی سیکورٹی کے لیے بھی خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں اور سڑک کے دونوںاطراف سیکورٹی رضاکاروں کی ذمہ داری لگائی گئی ہے ،بچوں کے لیے پینے کے پانی کا بھی انتظام کیا گیا ہے ،مارچ میں شرکت اور شاہراہ قائدین تک پہنچنے کے لیے تمام اضلاع اور اسکولوں کی گاڑیوں کے روٹس کے حوالے سے بھی ضروری ہدایات جاری کردی گئیں ہیں تاکہ منظم انداز میں گاڑیوں کی پارکنگ اورلاکھوں کی تعداد میں بچے و بچیوں کی شرکت میں کوئی دشواری اور پریشانی نہ ہو ۔دریں اثنانورانی چورنگی پر منگل کو مرکزی انتظامی کیمپ بھی قائم کر دیا گیا ہے جو مارچ کے اختتام اور تمام بچے و بچیوں کی شاہراہ قائدین سے مکمل واپسی تک قائم رہے گا ۔