نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ پشاور کا بی آئی ایس پی ہیڈکوارٹرز کا مطالعاتی دورہ

سلام آباد(صباح نیوز)سیکرٹری بی آئی ایس پی عامر علی احمدنے کہا ہے کہ بی آئی ایس پی شفافیت کے لحاظ سے دنیا کا  بہترین ادارہ ہے جس کی معرفت ملک میں 93 لاکھ گھرانوں کو سہ ماہی کفالت وظائف دئیے جاتے ہیں جبکہ انہی گھرانوں کے 82 لاکھ بچوں کو سکول میں حاضری کی بنیاد پر تعلیمی وظائف اور 12لاکھ 20 ہزار  ماں اور ان کے بچوں کو نشوونما کے تحت صحت مند غذا اور وظائف  فراہم کئے جاتے ہیں۔ اس امر کا اظہار سیکرٹری بی آئی ایس پی نے نیشنل انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ پشاور سے آئے ہوئے مڈ کیرئیر مینجمنٹ کورس کے شرکا کو بی آئی ایس پی ہیڈکوارٹر میں خطاب کے دوران کیا۔

شرکا کو بتایا گیا کہ اس پروگرام کے تحت گھرانوں کا مستند ڈیٹا جمع کرنے کے لئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جاتا ہے اور بہت سارے دیگر منصوبوں کے ساتھ غریب گھرانوں کے بچوں کی فنی تربیت کے لئے بھی پروگرامز شروع کئے جارہے ہیں۔ اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹری محمد طاہر نور نے وفد کے شرکا کو بی آئی ایس پی اور اس کے اہم منصوبوں بشمول کفالت، تعلیمی وظائف، نشوونما، انڈر گریجویٹ سکالر شپ، قومی، سماجی، اقتصادی رجسٹری اور وظائف کی ادائیگی کے طریقہ کار پر معلومات مہیا کی۔۔