جماعت اسلامی کے تحت بچوں کا غزہ مارچ (بدھ کو) ہو گا ، نجی و سرکاری اسکولوں سے رابطے جاری

کراچی(صباح نیوز)جماعت اسلامی کے تحت بدھ 8نومبر کو صبح 10بجے شاہراہ قائدین پر اسرائیل کی دہشت گردی و بمباری سے شہید ہونے والے فلسطینی بچوں سے اظہار یکجہتی کے لیے کراچی کے ”بچوں کے غزہ مارچ ” کی تیاریاں تیزی سے جاری ہیں ۔ تمام اضلاع میں ہر سطح کے ذمہ داران  نجی و سرکاری اسکولوں میں رابطے کر رہے ہیں ۔ اسکولوں کے منتظمین اور پرنسپل حضرات سے ملاقاتیں کی جارہی ہیں اورا ن کو امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کی جانب سے دعوت نامہ پیش کیا جا رہا ہے ۔ اسکولوں کی جانب سے ”بچوں کے غزہ مارچ ” کا بھر پور خیر مقدم کیا گیا اور یقین دہانی کرائی گئی کہ اسکولوں کے طلبہ اپنے اساتذہ کے ہمراہ بڑی تعداد میں شریک ہوں گے ۔ جماعت اسلامی کی جانب سے ”بچوں کے غزہ مارچ ”  کے لیے بڑے پیمانے پر انتظامات کیے جا رہے ہیں ، مارچ میں شہر بھر سے لاکھوں کی تعداد میں بچے اور بچیاں شریک ہوں گی ۔

علاوہ ازیں مختلف اسکولوں کی جانب سے بھی بچوں کو” غزہ مارچ ”  میں شرکت کے لیے تیار کیا جا رہا ہے اور اس حوالے سے بچوں کے درمیان تقریر نویسی اور پوسٹرسازی کے مقابلے بھی کروائے جا رہے ہیں ۔ اسکولوں کی اسمبلیوں میں بھی اساتذہ کرام کی جانب سے بچوں کو مارچ کے حوالے سے آگاہ کیا جا رہا ہے ،بچوں میں زبردست جوش و خروش موجود ہے اور کراچی کے بچے فلسطینی بچوں سے اظہار یکجہتی کے لیے مارچ میں شرکت کے لیے آمادہ اور تیار ہیں ۔ دریں اثناء امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے ”بچوں کے غزہ مارچ ”  کے منتظمین اور مختلف کمیٹیوں کے ذمہ داران کو ہدایت کی ہے کہ مارچ میں کراچی کے لاکھوں بچوں کی شرکت کے پیش نظر اور مارچ کو بھر پور اور کامیاب بنانے کے لیے بڑے پیمانے پر انتظامات اور تیاریاں کی جائیں ۔

انہوں نے کہا کہ حماس اور فلسطین کے مسلمانوں کی جدو جہد اور قربانیاں مسجد اقصیٰ کی آزادی اور تحفظ کے لیے ہے ۔ ایک ماہ کے دوران اسرائیل کی بمباری اور دہشت گردی سے تقریباً 10ہزار فلسطینی شہید ہو چکے ہیں جن میں 4ہزار سے زائد فلسطینی بچے بھی شامل ہیں ۔ اسرائیل اسکولوں ، ہسپتالوں اور رہائشی علاقوں میں بمباری کر رہا ہے اور امریکہ ، برطانیہ سمیت دیگر مغربی ممالک اس کی حمایت کررہے ہیں ۔ عالم  اسلام کے حکمران بھی عملاً کچھ کرنے پر تیار نہیں ہیں لیکن عوام فلسطینی مسلمانوں کے ساتھ ہیں اور ان کے لیے ہر طرح کی قربانی دینے کو تیار ہیں ۔ کراچی کے بچے 8نومبر کو  ”بچوں کے غزہ مارچ ”   میں لاکھوں کی تعداد میں شریک ہو کر فلسطینی بچوں سے اظہار یکجہتی کریں گے ۔#