اسلام آباد (صباح نیوز) برطانیہ مین مقیم پاکستانیوں کے وفد نے پارلیمینٹ ہاؤس کا دورہ کیا اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف سے ملاقا ت کی۔ اس موقع پر راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں مقیم پاکستانیوں نے ہمیشہ ملک کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ ملک کی ترقی میں پاکستانی تارکین وطن کی نمائندگی کو یقینی بنانا پیپلز پارٹی کا اصولی موقف ہے۔ لندن کے علاقے ہونسلو کے میئر کونسلر افضال کیانی کی قیادت میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے وفد نے ان سے ملاقات کی۔
اسپیکر نے دنیا بھر میں پاکستان کے بہتر تشخص کو اجاگر کرنے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئی کہا، کہ پاکستانی تارکین وطن پر ملک کا بہتر تشخص اجاگر کرنے کی اہم ذمہ داری عائد ہے ۔انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے ملکی معیشت کو سنھبلا دیا ہوا ہے ۔ انہوں نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ملک کی سماجی و اقتصادی شعبے سمیت ہر شعبے میں مثبت و فعال کردار ادا کرنے کی دعوت دی ۔ اسپیکر نے کہا کہ پاکستانی عوام نے ہمیشہ مختلف شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔ انہوں نے پاکستانی تارکین وطن کو درپیش چیلنجز کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
اسپیکر نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کے مثبت امیج کو اجاگر کرنے کیلئے ملکی میڈیا کو اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرتے ہوئے اہم کردار ادا کرنا ہوگا ۔ لندن کے علاقے ہونسلو کے میئر کونسلر افضال کیانی کی قیادت میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے وفد نے اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کا پرتپاک استقبال پر شکریہ ادا کیا۔ وفد کے شرکا نے بیرون ملک پاکستانی ہائی کمشنرز کے ساتھ قریبی روابط کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ وفد کے ارکان نے خاص طور پر بیرون ملک ثقافتی تنوع کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ وفد کے دیگر ارکان میں سابق میئر ہونسلو سمعیہ چودھری، کونسلر ریاض گل ،کونسلر ودود مشتاق اور چودھری منظور شامل تھے ۔