بولیویا، چلی ، کولمبیا اور اردن کے بعد بحرین نے بھی اسرائیل سے سفارتی تعلقات منقطع کر دئیے

مناما(صباح نیوز)بحرین نے اسرائیل سے اپنے سفیر کو واپس بلا لیا ہے اور اس کے ساتھ تمام اقتصادی تعلقات منقطع کر دیے ہیں۔ایک بیان میںبحرین نے کہا کہ یہ اقدام “فلسطینی کاز اور فلسطینی عوام کے جائز حقوق” کی حمایت میں اٹھائے گئے اقدامات کا حصہ ہیں۔بحرین، جس نے 2020 میں اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات قائم کیے تھے، کہا کہ منامہ میں اسرائیلی سفیر پہلے ہی روانہ ہو چکے ہیں۔

یہ اعلان اردن کے ایک دن بعد سامنے آیا ہے جب اردن نے کہا تھا کہ اس نے اسرائیل کے حملوں  پر احتجاج کے لیے اسرائیل سے اپنے سفیر کو بھی واپس بلا لیا ہے۔بولیویا نے اس ہفتے غزہ کی جنگ پر اسرائیل کے ساتھ باضابطہ تعلقات منقطع کر لیے جبکہ چلی اور کولمبیا نے بھی تل ابیب سے اپنے سفیروں کو مشاورت کے لیے واپس بلا لیا۔ ادھر گذشتہ برسوں کے دوران بولیویا اور اسرائیل کے درمیاں سفارتی تعلقات انتہائی پیچیدہ رہے ہیں۔ اور ان تعلقات میں نیا موڑ دو روز قبل اس وقت سامنے آیا جب بولیویا کی حکومت نے اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات ختم کرنے کا اعلان کیا۔

بولیویا کے وائس چانسلر فریڈی مامانی نے کہا کہ غزہ کی پٹی میں جارحانہ اور غیر متناسب اسرائیلی فوجی حملے کی تردید اور مذمت میں یہ فیصلہ لیا گیا ہے۔بولیویا کی حکومت نے اسرائیل پر بین الاقوامی قوانین کا احترام نہ کرنے کا الزام لگایا ہے اور یہ مطالبہ کیا ہے کہ غزہ کی پٹی پر اسرائیلی حملے روکے جائیںبولیویا وہ پہلا لاطینی ملک بن گیا ہے جس نے غزہ کی موجودہ صورتحال کے باعث اسرائیل سے تعلقات ختم کر لیے ہیں۔