مسلم ممالک اسرائیل سے تیل سمیت تمام تجارت روک دیں؛ خامنہ ای

تہران(صباح نیوز) ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے مسلم ممالک پر اسرائیل سے تجارت روکنے پر زور دیا۔ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے تہران میں طلبا کے اجتماع سے خطاب میں کہا کہ مسلمان ملکوں کو صیہونی ملک کے ساتھ اقتصادی تعاون نہیں کرنا چاہیے اور تیل اور خوراک کی برآمدات روک دینا چاہیے۔آیت اللہ خامنہ ای نے برطانیہ ، فرانس اور امریکا پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ ممالک فلسطین کے خلاف کھڑے ہیں۔ یہ صرف اسرائیلی حکومت کی بات نہیں مسلم ممالک کو بھی سوچنا چاہیے کہ غزہ میں شہری آبادی پر بم کون برسا رہا ہے۔

علاوہ ازیں ایران کے صدر ابراہیم رئیسی نے ایران کے شہر سنندج میں عوام کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج فلسطین کی صورتحال دنیا کے مسلمانوں اور اقوام عالم کے لئے دردناک ہے اور یہ صورتحال دشمنان اسلام کی پیدا کی ہوئی ہے۔صدر مملکت ابراہیم رئیسی نے جمعرات کو صوب کردستان کے شہر سنندج کے آزادی اسکوائر میں عوام کے اجتماع سے خطاب میں کہا کہ آج ہم غزہ میں جن حالات کا مشاہدہ کر رہے ہیں وہ آپ سب کے لئے اور تمام مسلمانان عالم اور اقوام عالم کے تکلیف دہ اور اذیتناک ہے-ابراہیم رئیسی نے مزید کہا کہ غزہ میں جو کچھ ہو رہا ہے وہ ایک بھیانک، کریہہ اور سیاہ منظر ہے۔ اور غرور، تکبر، ظلم و زیادتی اور جارحیت کا ایسا منظر ہے کہ لوگ ایسے درندہ صفت انسانوں کو انسان کہتے ہوئے کراہت محسوس کرتے ہیں، یقینا یہ انسان نہیں بلکہ جانور اور اس سے بھی بدتر ہیں ۔

صدر مملکت نے مزید کہا کہ ان تمام مسائل کے باوجود فلسطینی جوان استقامت، عزت، احترام اور دشمنوں کے سامنے ہتھیار نہ ڈالنے کے راستے پر گامزن ہیں اور ہمیں ان کی اس استقامت و پائمردی اور قربانیوں پر فخر کرنا چاہیے۔سید ابراہیم رئیسی نے کہا کہ آج دنیا نے محسوس کرلیا ہے کہ فلسطینیوں کے خلاف جرائم کے اصلی عامل امریکی ہیں، وہ انسانی حقوق پامال کر رہے ہیں اور جو انسانی حقوق کے دعویدار اور ٹھیکدار بنے ہوئے ہیں وہی انسانی حقوق کی خلاف ورزی کر رہے ہیں ۔صدر رئیسی نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ غاصب صیہونی حکومت ایک ایسی حکومت ہے جس کی بنیاد قتل و غارت اور جارحیت پر مبنی ہے اور ایک جعلی حکومت ہے کہا کہ دنیا کی بہت سی قوموں اور ممالک نے اسلامی جمہوریہ ایران کے موقف کی درستگی کو درک کرلیا ہے اور شہدائے فلسطین اور شہدائے اقصی کے خون کی برکت سے دنیا بھر کے عوام بیدار ہوگئے ہیں اور انہوں نے دوست اور دشمن کے فرق کو سمجھ لیا ہے،دوسری جانب ایران کے وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان نے خبردار کیا ہے کہ اگر غزہ کی پٹی پر حملے جاری رہے تو اس کے سنگین نتائج ہوں گے۔