سرینگر: مقبوضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنماء میر واعظ عمر فاروق نے میر واعظ خاندان کے قریبی ساتھی اور ذاتی معتمد محمد مقبول شاہ کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ میر واعظ عمر فاروق نے ایک بیان میں کہا کہ مقبول شاہ کی وفات نے انہیں اور ان کے خاندان کو شدید رنج وغم میں مبتلا کر دیا ہے۔ انہوںنے کہاکہ مقبول شاہ نے گزشتہ چھ دہائیوں سے انتہائی خلوص اور لگن سے میر واعظ خاندان کی خدمت کی۔
میرواعظ نے کہا کہ مرحوم انتہائی چست، قابل اعتماداور وفادار تھے ۔انہوں نے کہاکہ مقبول شاہ کے انتقال سے ایک خلا پیدا ہوا ہے اور ان کی کمی کو بہت دیر تک یاد کیا جائے گا۔ 1960کی دہائی میں انجمن اوقاف کے صدر انجمن نصرت الاسلام اور انجمن اوقاف جامع مسجد کے معاون کے طور پرخدمات انجام دینے والے مرحوم محمد مقبول نے پہلے شہید ملت میر واعظ محمد فارق کے ساتھ سرشاری سے کام کیا اور انکی شہادت کے بعد خود ان کے ساتھ ایک اہم رکن کے طور پر خدمات انجام دیں ۔
میر واعظ نے کہا کہ انتہائی افسوس اور بدقسمتی کی بات ہے کہ انہیں گھر میں نظر بندی کی وجہ سے اپنے پرانے ساتھی کی نماز جنازہ میں شرکت کرنے اور ان کی آخری رسومات ادا کرنے کی اجازت نہیں دی گئی۔اس دوران مرحوم کی نماز جنازہ میں میر واعظ خاندان کے قریبی افراد، عوامی مجلس عمل کے قائدین اور کارکنان اور انجمن نصرت الاسلام اور انجمن اوقاف جامع مسجد کے ارکان سمیت سینکڑوں لوگوں نے شرکت کی ۔