سندھ کے 16 اضلاع میں 5 نومبر کو ضمنی بلدیاتی انتخابات کے سلسلے میں 182 پولنگ سٹیشنز بنائے گئے ہیں،الیکشن کمیشن

اسلام آباد(صباح نیوز)الیکشن کمیشن آف پاکستان نے کہا ہے کہ صوبہ سندھ کے 16 اضلاع میں 5 نومبر 2023 اتوار کو براہ راست سیٹوں پر مختلف کیٹگریز پر ہونے والے ضمنی بلدیاتی انتخابات کے سلسلے میں 182 پولنگ سٹیشنز بنائے گئے ہیں جس میں 25 کو نسلز کی 25 نشستوں پر 116 امیدواروں کے درمیان مقابلے ہوں گے۔

پیر کو الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق صوبائی الیکشن کمشنر سندھ اعجاز انور چوہان نے ضمنی بلدیاتی انتخابات کے شفاف، منصفانہ اور غیر جانبدارانہ انعقاد کے لئے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران، ریٹرننگ افسران، ضلعی انتظامیہ اور پولیس افسران کو سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ پر امن انتخابی عمل کو یقینی بنانے کے لئے تمام تر وسائل کو بروئے کار لایا جائے۔۔