اسلام آباد(صباح نیوز):اسلامی تعاون تنظیم(او آئی سی) کے سیکرٹری جنرل کے خصوصی نمائندے برائے جموں و کشمیر یوسف الدوبے نے کشمیر کاز کے لیے او آئی سی کی مستقل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر صرف کشمیریوں اور پاکستان کا نہیں بلکہ عالم اسلام کا مسئلہ ہے۔ یوسف الدوبے نے ان خیالات کا اظہار کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر شاخ کے وفد کے ساتھ گفتگو کے دوران کیا جس نے جمعرات کو دفتر خارجہ میں ان سے ملاقات کی۔انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کو صبر اور امید کا دامن ہاتھ سے جانے نہیں دینا چاہیے ، او آئی سی ان کی منصفانہ جدوجہد میں انکے شانہ بہ شانہ کھڑی ہے۔
خصوصی نمائندے برائے جموں و کشمیر نے کہا کہ پاکستان کی اسلامو فوبیا کے خلاف کوششیں قابل قدر ہیں اورحقیقت یہ ہے کہ بھارت اور بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں مسلمانوں کا قتل عام ، مساجد کا انہدام اور قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعات اسلامو فوبیا ہی ہے جس کا بھارت ارتکاب کر رہا ہے ۔
یوسف الدوبے نے کہا کہ او آئی سی نے مقبوضہ جموںوکشمیرمیں 5اگست2019کے اقدامات کو مسترد کر دیا ہے اور اس کایہ مطالبہ رہا ہے کہ بھارت اپنے یکطرفہ اور غیرقانونی اقدامات کو واپس لے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر شاخ کے کنوینر محمود احمد ساغر نے اس موقع پر یوسف الدوبے اور او آئی سی وفد کے دیگر ارکان کو مقبوضہ جموں و کشمیر کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا اور انہیں مسلمانوں کے خلاف بھارت اسرائیل کٹھ جوڑ کے مختلف پہلوؤں کے بارے میں بتایا۔
کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر شاخ کے دیگر رہنماؤں محمد فاروق رحمانی، غلام محمد صفی، سید یوسف نسیم ، میر طاہر مسعود، الطاف حسین وانی،سید فیض نقشبندی، محمد رفیق ڈار، شیخ عبدالمتین اور شیخ محمو یعقوب نے او آئی سی وفد کے ارکان کو تحریک آزادی کشمیر کے سیاسی ، سفارتی اور اقتصادی پہلوئوں، نہتے کشمیریوں پر بھارتی ریاستی دہشت گردی، نظربند کشمیریوں کی حالت زار سے آگاہ کیا ۔انہوں نے تنازعہ کشمیرکے حوالے سے او آئی سی کے رابطہ گروپ برائے جموں و کشمیر اور سیکرٹری جنرل حسین ابراہیم طحہ کے کردار کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ تنظیم دیرینہ تنازے کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل کرانے کیلئے اپنی کوششوں میں مزید تیزی لائے گی۔۔