اسلام آباد(صباح نیوز)ڈینگی کے مریضوں میں مسلسل اضافے کا سلسلہ جاری ہے، گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 27 نئے جبکہ پنجاب میں 137 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کے مطابق اسلام آباد میں ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی مجموعی تعداد 1 ہزار 453 ہو گئی۔ ڈی ایچ او نے کہا کہ رواں سیزن ڈینگی سے متاثر ہونے والے مریضوں میں 67
فیصد مرد جبکہ 33 فیصد خواتین ہیں۔اسلام آباد کے دیہی علاقوں میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 25 کیسز رپورٹ ہوئے۔ اسلام آباد کے شہری علاقوں میں ڈینگی کیسز کی مجموعی تعداد 487ہو گئی جبکہ دیہی علاقوں میں ڈینگی کیسز کی مجموعی تعداد 966 ہو گئی۔ سیکرٹری پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کیئر پنجاب علی جان خان کے مطابق رواں سال پنجاب کے مختلف اضلاع میں ڈینگی کے 5ہزار 717 مریض رپورٹ ہو چکے ہیں۔
سیکرٹری پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کیئر پنجاب کی جانب سے دیئے گئے اعدادو شمار کے مطابق لاہور میں گزشتہ روز 72 نئے مریض رپورٹ ہوئے جبکہ رواں سال لاہور میں ڈینگی کے 2 ہزار 240 تصدیق شدہ مریض رپورٹ ہوئے۔ سیکرٹری ہیلتھ علی محمد جان نے بتایا کہ لاہور کے ہسپتالوں میں ڈینگی کے 41 مریض زیر علاج ہیں جبکہ پنجاب کے مختلف ہسپتالوں میں ڈینگی کے تقریبا 100مریض زیر علاج ہیں۔ دوسری طرف ڈینگی ٹیسٹ کروانے والے مریضوں نے کہا کہ ہسپتالوں میں ڈینگی ٹیسٹ کے حوالے سے سہولیات نہ ہونے کے برابر ہیں، مریضوں کوصرف ایک ٹیسٹ کروانے کے لیے شدید خواری کا سامنا کرنا پڑ ا۔