سری نگر:بھارتیہ جنتا پارٹی کو کرگل ہل ترقیاتی کونسل کے انتخابات میں بدترین شکست ہوئی ہے۔4 اکتوبر کو منعقد کیے گئے ان انتخابات میںکل 26نشستوں میں سے 22پر اپوریشن اتحاد ( نیشنل کانفرنس ، کانگریس )نے کامیابی حاصل کی ہے ۔ 2نشستوںپر آزاد امیدوار جبکہ2پر بی جے پی کو کامیابی ملی ہے۔12 نشستیں نیشنل کانفرنس جبکہ 10کانگریس نے جیتی ہیں۔
خیال کیا جاتا ہے کہ کرگل ہل ترقیاتی کونسل کے چیرمین نیشنل کانفرنس کا ہوگا۔ یاد رہے 5 اگست 2019 کوآرٹیکل 370 کے خاتمے جموں وکشمیر کو دو حصوں میں تقسیم کرنے کے بعدیہ اپنی نوعیت کے پہلے انتخابات ہیں جس میں کانگریس اور این سی اتحاد نے کامیابی حاصل کی ہے ۔
قابل ذکر ہے کہ کونسل انتخابات میں کل 85 امیدوار میدان میں تھے جن میں سے 22 کانگریس، 17 نیشنل کانفرنس، 17 بیجے پی اور 4 عام آدمی پارٹی اور 24 آزاد امیدواروں نے الیکش میں حصہ لیا۔الیکشن حکام کے مطابق 95ہزار 388 رائے دہندگان جن میں 48ہزار 626مرد اور 46ہزار 762خواتین شامل ہیں ، ان میںں سے74ہزار 26ووٹروں نے اپنی رائے دہی کا استعمال کیا اور اس طرح سے ووٹنگ کی شرح 61.77فیصد رہی انتخابات میں پہلی بار الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کا استعمال کیا گیا جبکہ ضلع کرگل میں 278پولنگ اسٹیشن قائم کئے گئے تھے۔کرگل کونسل کے نتائج پر اپوزیشن سیاسی جماعتوں نے مسرت کا اظہار کرکے کہا کہ کرگل کے لوگوں نے بی جے پی کے5 اگست 2019 کے فیصلے کو مسترد کر دیا ہے